وفاق میں اتحادی ایم کیو ایم کی حکومت سے علیحدگی کی دھمکی
Muttahida Qaumi Movement (MQM)
کراچی: (ویب ڈیسک) وفاق میں ن لیگ کی اتحادی جماعت متحدہ قومی موومنٹ نے حکومت سے علیحدگی کی دھمکی دے دی۔

تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی (ایم این اے) مصطفی کمال نے کہا ہے کہ ہمیں پیپلزپارٹی سے بات کرنے کا کہا جاتا ہے، ہم نے معاہدہ پیپلز پارٹی سے تو نہیں کیا تھا، ہم نے آپ سے معاہدہ کیا، آپ پیپلز پارٹی سے بات کریں، ہمارا میئر نہیں ہے ہم وفاق میں ہیں وزیر اعظم سے کہہ سکتے ہیں لیکن مسلم لیگ ن نے 8 ماہ میں ہمیں وہ عزت نہیں دی جس کے ہم حقدار تھے۔

مصطفی کمال کا کہنا تھا کہ ئینی ترمیم پر حکومت کا ساتھ دیں گے لیکن چاہتے ہیں بلدیاتی اختیارات کا معاملہ حل کیا جائے، اگر زبردستی مزید بیس سال کے لیے کوٹہ سسٹم نافذ کرنے کی کوشش کی تو پھر ہم اسمبلی رکنیت اور حکومت چھوڑ دیں گے۔

ایم کیو ایم کے ارکانِ اسمبلی نے کہا کہ کوٹہ سسٹم میں توسیع پر حکومت میں رہنے کے فیصلے پر نظرثانی کرنی چاہیے، کوٹہ سسٹم شہری سندھ کا تعلیمی و معاشی قتلِ عام ہے۔

ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم اراکین اسمبلی کی جانب سے رائے دی گئی کہ غیر سنجیدہ رویے پر حکومت میں شامل ہونے کے فیصلے پر نظرثانی کرنی چاہیے۔ ایم کیو ایم قیادت نے اپنے اراکین اسمبلی کو حکومت کی حمایت کے فیصلے پر نظرثانی کیلئے جلد اجلاس بلانے کی یقین دہانی کرا دی۔