پی ٹی آئی نے 5 اگست کو جلسے کا پلان کرلیا
Image
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 5 اگست کو اسلام آباد میں بھرپور جلسے کا پلان تیار کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا محرم الحرام کے باعث منسوخ ہونے والا جلسہ اب 5 اگست کو کیا جائے گا کیونکہ 5 اگست کو بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) و سابق وزیراعظم عمران خان کو قید  میں ایک سال مکمل ہو جائے گا۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے اسلام آباد میں ترنول کے مقام پر بڑا جلسہ کیا جائے گا۔ جلسے کی قیادت وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کریں گے جبکہ جلسے میں ملک بھر سے پی ٹی آئی کے کارکنان شریک ہوں گے۔

دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ نے اسلام آباد میں احتجاج کی اجازت کے لیے پی ٹی آئی کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ آج احتجاج ممکن نہیں، پی ٹی آئی کی درخواست کو نئی پٹیشن تصور کیا جاتا ہے انتظامیہ 29 جولائی ایف نائن پارک یا کسی مناسب جگہ احتجاج کی درخواست پر مناسب وجوہات کے ساتھ فیصلہ کرے۔

درخواست گزار کی جانب سے شعیب شاہین جب کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اسٹیٹ کونسل ملک عبد الرحمٰن عدالت میں پیش ہوئے۔ اسٹیٹ کونسل نے عدالت کو بتایا کہ پی ٹی آئی کی درخواست موصول ہوچکی ہے اور اس پر آرڈر آچکا ہے۔ جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے کہا کہ میرے خیال میں آج اسلام آباد میں تو کوئی دوسرا احتجاج بھی ہے، جس پر اسٹیٹ کونسل نے کہا کہ اسلام آباد میں دوسرے احتجاج کا مجھے کوئی علم نہیں۔

اسٹیٹ کونسل نے عدالت کو بتایا کہ ضلعی انتظامیہ نے اسلام آباد کے اندر احتجاج کرنے کی تمام درخواستیں مسترد کردی ہیں۔ شہریوں کی حفاظت کے لیے اس وقت کسی کو کوئی اجازت نہیں مل سکتی۔

 شعیب شاہین نے کہا کہ ہم نے جلسے کی درخواست دی تھی، این او سی دیا گیا اور پھر منسوخ کردیا گیا۔ ہماری درخواست پر چیف جسٹس نے ان کو فیصلہ کرنے کی ہدایت کی۔ جلسے سے متعلق ہماری ان سے بات چل رہی ہے، وہ الگ معاملہ ہے۔ ہم اس وقت نیشنل پریس کلب کے باہر پُرامن احتجاج کرنا چاہتے ہیں جو ہمارا آئینی حق ہے۔ احتجاج ، میٹنگز و غیرہ کے لیے اجازت مانگنے کی ضرورت نہیں، ہائی کورٹ کا فیصلہ موجود ہے۔