جماعت اسلامی کا تین مقامات پر دھرنے کا اعلان
Image
اسلام آباد:(سنو نیوز)حکومت کی جانب سے راستوں کی بندش اور پکڑ دھکڑ کے بعد جماعت اسلامی نے اپنی حکمت عملی تبدیل کرتے ہوئے تین مقامات پر دھرنوں کا اعلان کر دیا ہے۔
 
راولپنڈی اور اسلام آباد میں احتجاجی کال پر ریڈ زون اور دارالحکومت کی طرف آنے والے راستے کنٹینر لگا کر بند کر دیے گئے ہیں۔
 
 راولپنڈی میں میٹرو بس سروس بھی معطل کر دی گئی ہے جس کی وجہ سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
 
 مختلف مقامات پر جماعت اسلامی کے کارکنوں کی گرفتاریوں کے بعد جماعت نے اپنی حکمت عملی میں تبدیلی کی ہے۔
 
جماعت اسلامی کے ترجمان قیصر شریف نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی نے تین مقامات پر دھرنوں کا فیصلہ کیا ہے۔
 
 مری روڈ راولپنڈی، زیرو پوائنٹ اسلام آباد، اور چونگی نمبر 26 پر دھرنے دیے جائیں گے۔ زیرو پوائنٹ پر دھرنے کی قیادت حافظ نعیم الرحمن کریں گے۔
 
قیصر شریف نے مزید کہا کہ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی ہدایت ہے کہ جہاں بھی رکاوٹ ہو گی وہاں دھرنا دیا جائے گا۔
 
 انہوں نے حکومت کی فسطائی کارروائیوں اور کارکنوں کی گرفتاریوں کی مذمت کی ہے اور بتایا کہ اب تک 1150 کارکنوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ 
 
جماعت اسلامی نے اعلان کیا ہے کہ بجلی کے بلوں میں کمی اور تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس ختم کرنے تک دھرنے جاری رہیں گے۔
 
دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے جماعت اسلامی سے مذاکرات کے لئے ٹیم تشکیل دینے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔
 
 انہوں نے کہا کہ لیاقت باغ میں احتجاج پر اتفاق کے بعد اسلام آباد کی طرف مارچ کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے اور حکومت جماعت اسلامی کے ساتھ بات چیت کے لیے تیار ہے۔
 
عطا تارڑ نے مزید کہا کہ حکومت اس وقت معاشی بحالی کے ایجنڈے پر عمل کر رہی ہے اور جماعت اسلامی سے بات کرنے کے لیے مذاکراتی ٹیم بنانے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔
 
 انہوں نے کہا کہ لیاقت باغ میں احتجاج کے لئے تمام سہولتیں فراہم کی جائیں گی اور ڈی چوک کی روایت ختم ہونی چاہیے۔