صدر پاکستان بچوں کے ساتھ بچہ بن گئے، ویڈیو وائرل
Image
لاہور: (ویب ڈیسک) چھوٹے بچوں سے نانی، نانا اور دادا، دادی کی محبت کے اظہار کے لیے اکثر ایک محاورہ استعمال کیا جاتا ہے، 'اصل سے پیارا سود' جس کا مطلب ہے کہ والدین کو اپنی اولاد سے بھی زیادہ پیار اپنے بچوں کی اولاد سے ہوتا ہے۔

 پھر چاہے کوئی شخص امیر ہو یا غریب، عام شہری ہو یا کسی حکومتی منصب پر براجمان اہم شخصیت بچوں سے محبت ہر رتبے ہر مرتبے پر حاوی ہوجاتی ہے۔

بچوں سے پیار اور محبت، پاکستان کے صدر مملکت آصف علی زرداری ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جسے دیکھنے والے مسکرائے بغیر نہ رہ سکے۔

صدر آصف علی زرداری کی ویڈیو انکی بیٹی پختاور بھٹو نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے شیئر کی جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی۔

بختاور بھٹو نے یہ ویڈیو آصف علی زرداری کے جنم دن کی مناسبت سے انہیں مبارکباد دیتے ہوئے پوسٹ کی، جو کچھ ہی دیر میں وائرل ہوگئی ہے۔

اس مختصر ویڈیو میں بختاور کے بیٹوں میر حاکم اور میر سجاول کو آصف علی زرداری کے ہمراہ دیکھا گیا جو ایوانِ صدر میں ان کے ساتھ ایک ملاقات کے دوران صوفے پر بیٹھے شرارت کررہے ہیں جبکہ اسی ویڈیو کے آخری کلپ میں صدر پاکستان آصف علی زرداری اپنے نواسوں کے ساتھ جھولا جھولتے بھی نظر آئے۔

بختاور بھٹو زرداری نے آصف علی زرداری کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے ساتھ کیپشن میں لکھا  بابا سے نانا بابا تک سالگرہ مبارک۔

مذکورہ ویڈیو پر تبصرے کرتے ہوئے سوشل میڈیا صارفین نے پسندیدگی کا اظہار کیا ساتھ ہی صدر مملکت کو  سالگرہ کی مبارکبادیں بھی  دیں۔