اداکار طاہر انجم نے نیلی پری کو معاف کر دیا
Image
لاہور:(سنو نیوز)ایس پی انویسٹی گیشن سول لائنز کے سامنے پیش ہو کر اداکار طاہر انجم نے تحریری طور پر معافی نامہ جمع کروا دیا ہے ۔
 
پولیس ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کارکن نیلی پری کی فیملی نے اداکار طاہر انجم سے گھر میں جاکر معافی مانگی ، جبکہ وقوعہ کے بعد نیلی پری خود بھی اداکا ر طاہر انجم سے معافی مانگنے گئی تھی۔
 
تاہم اس وقت غصے میں ہونے کی وجہ سے طاہر انجم نے نیلی پری کو معافی نہیں دی۔بعدازاں فیملی کی طرف سے معافی مانگنے پر اداکار نے معافی دی۔
 
ذرائع کے مطابق نیلی پری کو آج عدالت نے جوڈیشل بھجوا دیا ہے۔وکیل کی طرف سے معافی نامہ عدالت میں پیش کرنے کے بعد نیلی پری کو رہائی مل جائے گی۔
 
پولیس رپورٹ کے مطابق، طاہر انجم پر تشدد کا واقعہ پی ٹی آئی کے بھوک ہڑتالی کیمپ کے سامنے پیش آیا۔ ایف آئی آر میں درج ہے کہ طاہر انجم کے کپڑے پھاڑے گئے اور انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں دی گئیں۔
 
معروف اسٹیج اداکار اور مسلم لیگ ن کے کلچرل ونگ کے صدر طاہر انجم پر بدھ کو اس وقت حملہ کیا گیا جب وہ پنجاب اسمبلی کے سامنے سے گزر رہے تھے۔ پی ٹی آئی کی خاتون کارکن انیلہ ریاض نے طاہر انجم کو شناخت کرنے کے بعد انہیں تشدد کا نشانہ بنایا۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ خاتون انہیں تھپڑ اور مکے مار رہی ہیں اور گاڑی سے باہر کھینچنے کی کوشش کر رہی ہیں، جس دوران ان کے کپڑے بھی پھٹ گئے۔
 
ویڈیو اور عینی شاہدین کے مطابق، طاہر انجم پی ٹی آئی کے بھوک ہڑتالی کیمپ کے قریب سے گزرتے ہوئے اپنے گاڑی میں بیٹھے تھے جب پی ٹی آئی کارکنان نے انہیں دیکھا۔ انیلہ ریاض نے طاہر انجم پر الزام لگایا کہ وہ اکثر پی ٹی آئی کے خلاف ویڈیوز بناتے ہیں، جس پر وہ مشتعل ہو گئیں اور ان پر حملہ کر دیا۔
 
تشدد کے واقعے کے دوران پولیس موقع پر پہنچ گئی اور انیلہ ریاض کو مشکل سے قابو پایا۔ پولیس نے طاہر انجم کو فوری طور پر وہاں سے نکلنے کی ہدایت دی۔
 
سوشل میڈیا پر اس واقعے کی شدید مذمت کی جا رہی ہے۔ صارفین نے پی ٹی آئی کارکنان کے اس رویے کو غیر مناسب قرار دیا اور طاہر انجم کے ساتھ پیش آنے والے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا۔
 
طاہر انجم کی درخواست پر مقدمہ درج ہونے کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے انیلہ ریاض کو گرفتار کر لیا تھا۔