بلوچستان کی قبائلی دشمنی کراچی میں: 5 افراد جاں بحق
Image
کراچی: (سنو نیوز) شہر قائد کا پوش علاقہ ڈیفنس گولیوں کی تڑتڑاہٹ سے گونج اٹھا، فیز سکس نشاط کمرشل پر بگٹی قبائل میں مسلح تصادم کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا، پولیس نے واقعے سے متعلق تحقیقات شروع کردیں۔

 بلوچستان کی قبائلی دشمنی کراچی ڈیفنس تک آپہنچی، پوش علاقے ڈیفنس کا نشاط کمرشل جدید ہتھیاروں سے کی گئی فائرنگ سے گونج اٹھا، پولیس کی بھاری نفری واقعے کی اطلاع ملتے ہی مو قع پر پہنچی تو 2 افراد کی لاشیں جائے وقوعہ پر ہی مل گئیں۔

اسپتال منتقلی کے دوران دیگر 3 زخمی بھی دم توڑ گئے، ڈی آئی جی ساؤتھ نے بتایا کہ فائرنگ کا واقعہ ایک ہی خاندان کے افراد میں چلی آرہی پرانی دشمنی کا نتیجہ ہے۔

ایس ایس پی ساؤتھ کے مطابق فریقین کا تعلق نوابزادہ اکبر بگٹی کے خاندان سے تھا، تصادم میں ایک گروپ کے 2 جبکہ دوسرے گروپ کے 3 افراد نشانہ بنے۔

پولیس نے فائرنگ کے مقام سے مختلف ہتھیاروں سے چلی گولیوں کے خول تحویل میں لے لئے، سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے بھی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔