لاہور، کراچی سمیت مختلف شہروں میں بادلوں کا راج
Image
لاہور، کراچی: (ویب ڈیسک) لاہور اور کراچی کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا، موسم میں خوشگوار تبدیلی کے باعث گرمی سے مرجھائے عوام کے چہرے کھل اٹھے۔

 صوبائی دارالحکومت لاہور کے مختلف علاقوں شملہ پہاڑی، ایبٹ روڈ، لکشمی چوک، مال روڈ، جیل روڈ اور ڈیوس روڈ پر بادل برس پڑے، غازی روڈ، چونگی امرسدھو، والٹن، قینچی اور اطراف میں بھی جل تھل ایک ہوگیا۔

اس کے علاوہ چوبرجی، شادباغ، عامر ٹاؤن، کوٹ لکھپت میں بھی بادل برسے، ماڈل ٹاؤن، فیصل ٹاؤن اور اطراف میں بھی بارش ہوئی۔

ایم ڈی واسا نے بارش کے پیش نظر انتظامیہ کو الرٹ رہنے اور جلد ازجلد نکاسی آب کے انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔

دوسری جانب شہر قائد میں بھی موسلادھار بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے، کراچی کے علاقوں گلشن اقبال، یونیورسٹی روڈ، گلستان جوہر، ملیر، قائدآباد، ماڈل کالونی اور سرجانی ٹاؤن میں بادل برسے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے کراچی میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ شہر میں ہوا کا کم دباؤ برقرار رہا تو کل بھی کراچی کے مضافاتی علاقوں میں بارش ممکن ہے، کل شام سے سمندری ہوائیں بحال ہونے کا امکان ہے، سمندری ہوائیں بحال ہونے کے بعد درجہ حرارت میں کمی متوقع ہے۔