پاکستانی بھکاریوں نے بیرون ملک مانگنے کیلئے پاسپورٹ بنوا لیے
Image
اسلام آباد:(ویب ڈیسک) حکومت نے 2 ہزار سے زائد پاکستانی شہریوں کے پاسپورٹ بلاک کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو بیرونی ممالک میں بھیک مانگنے میں ملوث ہیں۔
 
یہ اقدام ملک کی بدنامی کو روکنے کے لیے اٹھایا جا رہا ہے، اور ان افراد کے پاسپورٹ 7 سال کے لیے بلاک کیے جائیں گے۔
 
ذرائع کے مطابق، ان افراد کے علاوہ، بیرونی ممالک میں بھیک مانگنے کے لیے لوگوں کو بھیجنے والے ایجنٹوں کے پاسپورٹ بھی بلاک کیے جائیں گے۔ 
 
ان بھکاریوں کی اکثریت سعودی عرب، ایران، اور عراق میں عمرے اور مزارات کی زیارت کے بہانے جاتی ہے۔
 
ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ ان افراد کا ڈیٹا جمع کیا گیا ہے اور اس حوالے سے وزارت داخلہ اور وزارت خارجہ کی جانب سے ایک مربوط پالیسی آخری مراحل میں ہے۔
 
یاد رہے کہ گذشتہ سال ستمبر میں وزارت سمندر پار پاکستانیوں نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کو انکشاف کیا تھا کہ بھکاریوں کی بڑی تعداد غیر قانونی ذرائع سے بیرون ملک بھیجی جاتی ہے۔
 
 وزارت کے سیکریٹری نے بتایا تھا کہ بیرون ملک گرفتار ہونے والے بھکاریوں میں 90 فیصد کا تعلق پاکستان سے ہے۔ 
 
عراقی اور سعودی سفیروں نے بھی ان گرفتاریوں کی وجہ سے جیلوں میں بھیڑ کی اطلاع دی ہے۔