بد احتیاطی اور بسیار خوری،متعدد افراد اسپتال جاپہنچے
Image
لاہور :(ویب ڈیسک )بد احتیاطی اور بدپرہیزی ،پنجاب اور خیبرپختونخوا میں عید قرباں پر 1200 سے زائد افراد اسپتال پہنچ گئے۔

 ترجمان لیڈی ریڈنگ اسپتال کے مطابق پشاور میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 610 گیسٹرو کے مریض لائے گئے، جن میں زیادہ تر مریض بسیار خوری اور گوشت زیادہ کھانے کی وجہ سے بھی آئے۔

اس دوران جانوروں کی ٹکر سے زخمی ہونے والے افراد بھی اسپتال لائے گئے جبکہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ٹریفک حادثات میں 500 افراد اسپتال لائے گئے۔

دوسری طرف پنجاب میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران صوبے کے 6 بڑے سرکاری اسپتالوں میں 2200 مریض رپورٹ ہوئے، جن میں سے 180 گیسٹرو، ڈائریا اور پیٹ درد کی شکایت پر لائے گئے تھے۔
 
لاہور کے جناح اسپتال میں 130 سے زائد جبکہ سروسز اسپتال میں 100، گنگارام اور میاں منشی میں بھی 100، 100 سے زائد مریض لائے گئے۔
 
 طبی ماہرین نے عید الاضحیٰ پر شہریوں کو گوشت کے معتدل استعمال اور بسیار خوری سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔