
ایک تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ شادی کے بعد مردوں میں موٹاپے کے خطرات میں نمایاں حد تک اضافہ ہو جاتا ہے مگر خواتین اس منفی اثر سے متاثر نہیں ہوتیں۔
پولینڈ کے محققین کی جانب سے تحقیق کے لیے 2 ہزار 405 افراد کے میڈیکل اور عمومی صحت کے ڈیٹا کو بطور تجزیہ لیا گیا،یہ افراد اوسطاً 50 سال کی عمر کے تھے۔
تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کی شادی شدہ مردوں میں موٹاپے کا امکان غیر شادی شدہ مردوں کے مقابلے میں 3.2 گنا زیادہ ہوتا ہے تاہم شادی شدہ خواتین میں یہ خطرہ نہیں بڑھتا،شادہ شدہ مردوں کے جسمانی وزن میں اضافے کا امکان 62 فیصد اور خواتین کے وزن میں اضافے کا امکان 39 فیصد تک زیادہ ہو جاتا ہے۔
قبل ازیں گزشتہ برس چائنیز اکیڈمی آف سوشل سائنس کی ایک تحقیق میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ شادی کے بعد مردوں کے جسمانی وزن میں 5.2 فیصد تک اضافہ ہو سکتا ہےجبکہ موٹاپے کا خطرہ اڑھائی فیصد زیادہ ہوتا ہے۔
محققین نے بتایا کہ شادی شدہ مردوں کے جسمانی وزن میں اضافہ اس لیے ہوتا ہے کہ وہ زیادہ کھانے لگتے ہیں جبکہ ورزش کا دورانیہ کم ہو جاتا ہے،عموماً شادی کے بعد 5 سال کے اندر مردوں کے جسمانی وزن پر اثرات مرتب ہوتے ہیں تاہم خواتین سے متعلق کوئی خاص فرق سامنے نہیں آیا۔
اسی طرح برطانیہ کی باتھ یونیورسٹی کی ایک تحقیق میں پتا چلا تھا کہ اوسطاً شادی شدہ مردوں کا جسمانی وزن غیر شادی شدہ مردوں کے مقابلے میں 1.4 کلوگرام بڑھ جاتا ہے۔