ایک نئی تحقیق نے اس حیران کن حقیقت کا انکشاف کیا ہے کہ ٹی وی ریموٹ میں بیڈ شیٹس، کچن کاؤنٹر، لیپ ٹاپ، دروازے کے ہینڈلز اور یہاں تک کہ ٹوائلٹ سیٹوں کے مقابلے میں زیادہ بیکٹیریاز پائے جاتے ہیں۔
محققین کے مطابق ٹی وی کے ریموٹ میں ٹوائلٹ سیٹوں کے مقابلے میں 15 گنا زیادہ بیکٹیریاز موجود ہیں۔برطانیہ میں کیے گئے ایک سروے کے مطابق 2000 افراد میں سے تقریباً 25 فیصد نے اعتراف کیا کہ انہوں نے کبھی اپنے ٹی وی ریموٹ کو صاف نہیں کیا۔
اس کے باوجود روزانہ کے استعمال میں یہ ریموٹ تقریباً 150 بار استعمال کیے جاتے ہیں، خاص طور پر چینلز تبدیل کرنے اور حجم ایڈجسٹ کرنے کے لیے بھی ان کا بار بار استعمال کیا جاتا ہے۔
چرچل ہوم انشورنس کی سارہ خان نے اس حوالے سے کہا ہے کہ یہ سن کر حیرت ہوتی ہے کہ کئی برطانوی شہری اپنے گھروں کو صاف ستھرا رکھنے کی کوشش کرتے ہیں،مگر وہ اپنے ٹی وی ریموٹ کو نظر انداز کر دیتے ہیں۔
تحقیقات کے نتائج اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ گھر میں موجود اشیاء کی صفائی کے حوالے سے ہماری آگاہی میں بہتری کی ضرورت ہے۔
اس سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ ہمیں اپنے روزمرہ استعمال کی چیزوں کی صفائی پر بھی خاص توجہ دینا چاہیے،تاکہ مختلف پچیدگیوں سے محفوظ رہا جاسکے۔