خاندانی ذرائع کے مطابق چودھری کامران اعجاز کو کچھ عرصہ قبل برین ہیمرج ہوا تھا، جس کے باعث وہ زیر علاج تھے۔ تاہم طبیعت میں بہتری نہ آنے کے باعث وہ خالقِ حقیقی سے جا ملے۔
ان کی وفات پر فلم انڈسٹری سے وابستہ افراد، ہدایتکاروں، فنکاروں اور پروڈیوسرز نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
خیال رہے کہ چودھری کامران اعجاز کا شمار پاکستان فلم انڈسٹری کی معتبر ترین شخصیات میں ہوتا تھا۔ وہ کئی دہائیوں سے فلم سازی اور ڈسٹری بیوشن کے شعبے سے وابستہ رہے۔ انہوں نے سلطنت، بھائی لوگ سمیت متعدد کامیاب فلمیں پروڈیوس کیں، جنہوں نے پاکستانی سینما میں نمایاں مقام حاصل کیا۔
چودھری کامران اعجاز نہ صرف ایک کامیاب فلم ساز تھے بلکہ وہ مختلف فلمی تنظیموں کے صدر کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیتے رہے۔
یہ بھی پڑھیں:بھارتی سینئر اداکار ستیش شاہ انتقال کرگئے
ساتھی فنکاروں کا کہنا ہے کہ وہ فلم انڈسٹری کی ترقی اور نئی نسل کے فنکاروں کی حوصلہ افزائی کیلئے ہمیشہ پیش پیش رہتے تھے۔
فلمی حلقوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی وفات پاکستان فلم انڈسٹری کیلئے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے، جو طویل عرصے تک محسوس کیا جاتا رہے گا۔