
پولیس کے مطابق لاہور کے علاقے چوہنگ میں رجب بٹ کے گھر پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، فائرنگ نامعلوم موٹرسائیکل سواروں کی جانب سے کی گئی جس کے بعد ملزمان موقع واردات سے فرار ہو گئے۔
پولیس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ فائرنگ کے وقت رجب بٹ اور ان کی فیملی گھر پر نہیں تھی، فائرنگ سے گھر کے بیرونی گیٹ اور دیوار پر گولیاں لگیں، معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل گزشتہ ماہ بھی رجب بٹ کے گھر پر نامعلوم کار سوار افراد کی جانب سے فائرنگ کی گئی تھی جس کے نتیجے میں ان کے گھر کی بیرونی دیوار کو نقصان پہنچا تھا، فائرنگ سے رجب بٹ کا پالتو کتا بھی مارا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: رجب بٹ کیخلاف زیادتی اور بلیک میلنگ کا سنگین مقدمہ درج
رجب بٹ نے بتایا تھا کہ وہ رات کو اپنے دوستوں کے ساتھ باہر موجود تھے جب انہیں گھر سے فون کال موصول ہوئی، کال پر بتایا گیا کہ ایک سفید کلٹس گاڑی میں سوار نامعلوم افراد ان کے گھر کے باہر آئے، گالیاں دیں اور فائرنگ کر کے فرار ہو گئے۔
فائرنگ کے پہلے واقعہ کے بعد رجب بٹ نے پولیس سے مطالبہ کیا تھا کہ انہیں اور ان کے اہل خانہ کو تحفظ فراہم کیا جائے کیونکہ فائرنگ کی نوعیت اور طریقہ کار سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملزمان جان بوجھ کر جانی نقصان پہنچانے کی نیت سے آئے تھے۔