مشہور ٹک ٹاکر ثنا یوسف اسلام آباد میں قتل
چترال سے تعلق رکھنے والی سوشل میڈیا کی مشہور ٹک ٹاکر ثنا یوسف کو اسلام آباد کے علاقے سیکٹر G-13 میں اندوہناک انداز میں قتل کر دیا گیا
چترال سے تعلق رکھنے والی سوشل میڈیا کی مشہور ٹک ٹاکر ثنا یوسف / فائل فوٹو
(ویب ڈیسک) چترال سے تعلق رکھنے والی سوشل میڈیا کی مشہور ٹک ٹاکر ثنا یوسف کو اسلام آباد کے علاقے سیکٹر G-13 میں اندوہناک انداز میں قتل کر دیا گیا۔

 واقعہ تھانہ سنبل کی حدود میں پیش آیا، جہاں نامعلوم حملہ آور نے ان کے گھر میں داخل ہو کر فائرنگ کی۔ پولیس کے مطابق ثنا یوسف کو موقع پر ہی گولیاں لگنے سے موت واقع ہوگئی۔ پولیس حکام نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ واقعہ ذاتی دشمنی یا کسی پرانے تنازعے کا نتیجہ ہو سکتا ہے، تاہم ابھی تک قاتل یا اس کے محرکات کی شناخت نہیں ہو سکی۔

جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں اور تحقیقات کا دائرہ کار وسیع کیا جا رہا ہے۔ پولیس نے مقتولہ کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا ہے، تاکہ موت کی وجوہات کی تصدیق ہو سکے اور قانونی کارروائی مکمل کی جا سکے۔
واقعے سے چند گھنٹے قبل ہی ثنا یوسف نے انسٹاگرام پر اسلام آباد سے ایک ویڈیو اپلوڈ کی تھی، جو ان کی آخری سوشل میڈیا سرگرمی ثابت ہوئی۔ وہ اپنی مزاحیہ اور لائف اسٹائل سے متعلق ویڈیوز کے باعث سوشل میڈیا پر خاصی مقبول تھیں اور ان کے فالوورز کی تعداد لاکھوں میں تھی۔

پولیس نے واقعے کی تحقیقات کے لیے مختلف ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں، جو قاتل کی شناخت اور گرفتاری کے لیے سیکیورٹی کیمروں کی فوٹیج، موبائل ڈیٹا اور دیگر شواہد کا جائزہ لے رہی ہیں۔ ابتدائی طور پر یہ معلوم ہوا ہے کہ قاتل پیدل آیا اور واردات کے بعد فرار ہو گیا۔

سوشل میڈیا صارفین اور مداحوں نے ثنا یوسف کی ناگہانی موت پر شدید رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ ٹوئٹر اور انسٹاگرام پر ان کے لیے دعائیہ پیغامات اور انصاف کے مطالبات کیے جا رہے ہیں۔ کئی صارفین نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے قاتل کو جلد از جلد گرفتار کر کے سخت سزا دیں۔