
سیریل کلر ڈرامہ سیریز ’یو‘ کے اسٹار پین بیجلی نے انکشاف کیا ہے کہ وہ قرآن پڑھتے ہیں جو ہر وقت ان کے سرہانے موجود رہتا ہے۔
ایک امریکی جریدے ’یو ایس اے ٹوڈے‘ کو دیے گئے انٹرویو میں بیجلی نے بتایا کہ وہ اپنی روحانی تسکین کے لیے مختلف مذاہب کی مقدس کتابوں کا مطالعہ کرتے ہیں، جو انہیں زندگی کے دباؤ اور کیریئر کے نشیب و فراز کے دوران ذہنی توازن قائم رکھنے میں مدد دیتا ہے۔
ہالی ووڈ اسٹار نے انکشاف کیا کہ وہ قرآن مجید کا مطالعہ کرتے ہیں اور یہ مقدس کتاب ہمیشہ ان کے بیڈ کے قریب رکھی ہوتی ہے، وہ قرآن کی آیات کو وقتاً فوقتاً پڑھتے اور ان پر غور کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وحانیت ان کی زندگی میں ایک اہم مقام رکھتی ہے اور یہ صرف مطالعہ تک محدود نہیں، بلکہ وہ روزانہ ایک مخصوص دعا بھی پڑھتے ہیں، یہ دعا بہائی مذہب کی معروف ’لانگ اوبلیگیٹری پریئر‘ ہے، جسے انہوں نے زبانی یاد کر رکھا ہے، وہ اسے اپنی روزمرہ کی مصروفیات کے باوجود ضرور ادا کرتے ہیں۔
بیجلی کے مطابق اگرچہ ان کی صبح بچوں اور کام کی ذمہ داریوں سے بھرپور ہوتی ہے، وہ پھر بھی کم از کم 15 سے 20 منٹ روزانہ ایسے نکالتے ہیں جس میں وہ مکمل طور پر خود سے جڑنے کی کوشش کرتے ہیں۔ ان لمحات میں انہیں زندگی کی معنویت اور گہرائی کا احساس ہوتا ہے۔



