2024 میں عالمی سطح پر چھائے پاکستانی ستارے
File Photo
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) 2024 میں اولمپک فتوحات سے لے کر ثقافتی اثر و رسوخ کے اعزازات تک، پاکستانی ٹیلنٹ کو مختلف شعبوں میں وسیع بین الاقوامی پذیرائی حاصل ہوئی۔

سال 2024 پاکستانی ٹیلنٹ کے لیے ایک شاندار سال ثابت ہوا، جہاں کئی مشہور شخصیات نے مختلف شعبوں میں اپنی غیر معمولی خدمات پر عالمی سطح پر اعزازات حاصل کیے۔

ماہرہ خان

پاکستان کی مقبول اداکارہ ماہرہ خان کو نومبر 2024 میں برطانوی پارلیمنٹ کی جانب سے  ڈسٹنگوئشڈ آئیکون  کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔یہ اعزاز ان کی شوبز انڈسٹری میں خدمات اور ثقافتی منظرنامے پر ان کے اثرات کے اعتراف میں دیا گیا۔

ارشد ندیم

ارشد ندیم نے اگست 2024 میں پیرس اولمپکس میں پاکستان کے لیے ایتھلیٹکس میں پہلا اولمپک گولڈ میڈل جیت کر تاریخ رقم کی۔انہوں نے مردوں کے جیولن ایونٹ میں بھارت کے دفاعی چیمپئن نیرج چوپڑا کو شکست دے کر قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔

عروج آفتاب

گریمی ایوارڈ یافتہ موسیقار عروج آفتاب نے 2024 میں اپنی بین الاقوامی مقبولیت کو مزید بڑھایا۔ان کے البم  نائٹ رین  کی ریلیز اور مشہور  گلاسٹن بری فیسٹیول  میں ان کی پرفارمنس نے انہیں عالمی موسیقی کی دنیا میں ایک اہم مقام دلایا۔

فہد مصطفیٰ

دسمبر 2024 میں فہد مصطفیٰ نے تاریخ رقم کی اور برطانوی پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں سے ایوارڈ حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی اداکار بن گئے۔انہیں ہاؤس آف کامنز کی جانب سے  ڈائیورسٹی اینڈ کلچرل امپیکٹ ایوارڈ  اور ہاؤس آف لارڈز کی جانب سے  گلوبل کلچرل یونٹی ایوارڈ  سے نوازا گیا، جو ان کی شوبز انڈسٹری میں خدمات اور ثقافتی ہم آہنگی کو فروغ دینے کے اعتراف میں دیے گئے۔

ہانیہ عامر

ہانیہ عامر کو 2024 کی بہترین پاکستانی سیلیبریٹی قرار دیا گیا، جو دنیا کی  ٹاپ 50 ایشین سیلیبریٹیز  کی فہرست میں نویں نمبر پر آئیں۔27 سالہ اداکارہ کی عالمی شہرت ان کے مقبول ڈراموں اور سوشل میڈیا پر مثبت اثر و رسوخ کی مرہون منت ہے، جہاں وہ ذہنی صحت جیسے اہم مسائل پر گفتگو کرتی ہیں۔

دیگر ستارے

فہرست میں فہد مصطفیٰ، حبا بخاری اور سجل علی جیسے دیگر نمایاں پاکستانی فنکار بھی شامل تھے۔

یہ اعزازات پاکستانی ٹیلنٹ کی عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی مقبولیت اور ان کے مختلف شعبوں میں اثرات کی عکاسی کرتے ہیں، جو دنیا بھر میں پاکستان کے ثقافتی اثر و رسوخ کو اجاگر کرتے ہیں۔