ساؤتھ انڈین فلم انڈسٹری کے سپر سٹار الو ارجن کی گزشتہ روز ریلیز ہونے والی فلم پشپا 2 نے پہلے دن 175 کروڑ بھارتی روپے کی کمائی کی اور دوسرے دن مزید 55.71 کروڑ بھارتی روپے کا اضافہ کیا، اس طرح فلم کی پہلے 2 دن کی مجموعی کمائی 230.61 کروڑ تک پہنچ گئی ہے۔
پشپا 2 نے ریلیز کے پہلے دن ہی ایس ایس راجامولی کی آر آر آر، باہوبلی 2، اور کے جی ایف 2 جیسی بلاک بسٹر فلموں کو پیچھے چھوڑ دیا۔ الُو ارجن نے پشپا راج کے کردار میں دھماکے دار واپسی کی، یہ فلم 2021 کی فلم پشپا: دی رائز کا سیکوئل ہے۔
فلم کی کامیابی میں ٹکٹ کی قیمتوں میں اضافے کا بھی بڑا کردار رہا۔ آندھرا پردیش حکومت نے خصوصی اجازت کے تحت ٹکٹ کی قیمتوں میں اضافہ کیا۔ آلُو ارجن نے حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام تلگو فلم انڈسٹری کی ترقی کی عکاسی کرتا ہے۔
فلم کے پریمیئر شو کے ٹکٹ کی قیمت 944 بھارتی روپے رکھی گئی تھی، جبکہ عام دنوں کے لیے قیمتیں 200 سے 2500 بھارتی روپے کے درمیان ہیں۔
فلم کے حوالے سے شائقین کا جوش دیدنی ہے، آلُو ارجن کی شاندار اداکاری اور فلم کی غیر معمولی کہانی نے سینما گھروں میں ہاؤس فل شو کا ماحول پیدا کیا۔
پشپا 2 باکس آفس پر نہ صرف جنوبی بھارت بلکہ ہندی بیلٹ میں بھی تہلکہ مچا رہی ہے۔ پہلے دن کی کمائی نے بالی ووڈ کے کنگ خان (شاہ رخ خان) کی فلم جوان کے پچھلے ریکارڈ کو بھی پیچھے چھوڑا، اب یہ فلم نئے ریکارڈ قائم کرنے کی طرف گامزن ہے۔