اداکارہ ماورا حسین نے حالیہ انٹرویو میں اپنی پسندیدہ جابز کے بارے میں بات کرتے ہوئے وکیل بننے کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ”مجھے صرف دو نوکریاں پسند ہیں، ایک اداکاری اور دوسری بے بی سٹنگ، اس کے علاوہ کوئی اور ملازمت نہیں ہے۔“
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ”بدقسمتی سے، میں اپنی وکالت کی ڈگری کو کارآمد نہیں بنا سکتی، پانچ سال پہلے مجھے لگتا تھا کہ میں وکالت اور اداکاری دونوں کو ساتھ لے کر جا سکتی ہوں، لیکن اب سمجھ آئی ہے کہ ایسا ممکن نہیں۔“
ماورا نے کہا کہ ”کسی بھی نوکری کو کرنے کے لیے ضروری ہے کہ آپ اس پر مکمل توجہ مرکوز کریں، اگر میں نے وکالت کا فیصلہ کیا تو پھر میں پوری طرح اس پر توجہ دوں گی اور اداکاری کو چھوڑ دوں گی، میں ایل ایل بی مکمل کر چکی ہوں اور بار کورس کے لیے 9 ہفتے درکار ہیں، جس کے لیے مجھے لندن جانا ہوگا، میں مزید پڑھائی کے لیے تیار ہوں، لیکن ابھی یہ نہیں سوچا کہ کب کروں گی۔“
یاد رہے ماورا حسین نے 2019 میں یونیورسٹی آف لندن سے وکالت کی تعلیم مکمل کی اور اپنی کانووکیشن کی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر شیئر کی تھیں۔ انہوں نے 2014 میں ایل ایل بی پروگرام میں داخلہ لیا، مگر بالی وڈ فلم کی آفر ملنے پر اپنی تعلیم میں وقفہ دیا، بعد میں 2017 میں تعلیم مکمل کرنے کا ارادہ کیا۔
ماورا کو کنٹریکٹ لا میں جنوبی ایشیا میں سب سے زیادہ نمبرز حاصل کرنے کا اعزاز بھی حاصل ہوا ہے، جو ان کی محنت اور قابلیت کا ثبوت ہے۔