چنکی پانڈے کا پسیوں کی خاطر جنازوں میں جانے کا انکشاف
Bollywood actor Chunky Panday
لاہور: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ میں الگ پہچان رکھنے والے اداکار چنکی پانڈے نے انوکھا انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے پیسوں کی خاطر جنازے میں بھی شرکت کی۔

بالی وڈ کے مشہور کامیڈی و اداکار چنکی پانڈے نے حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران انوکھا انکشاف کیا کہ وہ ماضی میں پیسوں کے عوض ایک جنازے میں شریک ہوئے تھے۔ ان کے مطابق یہ واقعہ ان کے کیرئیر کے ابتدائی دنوں میں پیش آیا جب وہ آمدنی بڑھانے کے لیے مختلف تقریبات میں شرکت کیا کرتے تھے۔

چنکی پانڈے نے بتایا کہ کیرئیر کے آغاز میں وہ مختلف تقریبات جیسے شادی، سالگرہ یا بچے کی پیدائش میں شرکت کے پیسے لیتے تھے۔ ایک مرتبہ انہیں آرگنائزر کی کال آئی اور کہا گیا کہ شوٹنگ کے راستے میں ایک جگہ پر 10 منٹ کے لیے آنا ہوگا لیکن شرط یہ تھی کہ سفید کپڑے پہننے ہوں گے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ میں جلدی سے سفید کپڑے پہن کر بتائی گئی جگہ پر پہنچ گیا۔ وہاں پہنچ کر میں نے سفید کپڑوں میں ملبوس کئی افراد کو دیکھا۔ لوگ مجھے دیکھ کر سرگوشیاں کرنے لگے کہ ’چنکی پانڈے آ گئے ہیں۔

جب چنکی پانڈے اندر پہنچے تو انہیں احساس ہوا کہ یہ ایک جنازہ ہے۔ پہلے تو انہیں لگا کہ شاید آرگنائزر کا انتقال ہوگیا ہے لیکن پھر آرگنائزر نے ان سے رابطہ کیا اور کہا کہ فکر نہ کریں، پیسوں والا پیکٹ میرے پاس ہے لیکن اگر آپ روئیں گے تو مرحوم کے اہلِ خانہ مزید پیسے دیں گے۔

چنکی پانڈے نے اس واقعے کو ہنسی مذاق کے انداز میں بیان کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس وقت حیرت میں مبتلا ہوگئے تھے لیکن یہ واقعہ ان کے لیے زندگی کا ایک منفرد تجربہ تھا۔

چنکی پانڈے نے انٹرویو کے دوران مزید کہا کہ کیرئیر کے ابتدائی دنوں میں وہ ہر موقع سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کرتے تھے چاہے وہ تقریب کیسی بھی ہو۔