چاہت فتح علی خان نے نیا ریکارڈ بنا لیا
November, 25 2024
لاہور:(ویب ڈیسک) معروف گلوکار چاہت فتح علی خان نے حال ہی میں ایک ویڈیو کے ذریعے دعویٰ کیا ہے کہ وہ یوٹیوب پر رواں سال دنیا بھر میں سب سے زیادہ تلاش کیے جانے والے گلوکاروں میں دوسرے نمبر پر رہے ہیں۔
چاہت فتح علی خان نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں یوٹیوب کی جانب سے ای میل موصول ہوئی جس میں مبارک باد پیش کی گئی اور انہیں بتایا گیا کہ اس سال ان کی مقبولیت نے نئے ریکارڈ قائم کیے ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ یوٹیوب کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق، وہ نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں سب سے زیادہ سرچ کیے جانے والے گلوکاروں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کامیابی ان کے مداحوں کی محبت اور سپورٹ کی مرہون منت ہے۔
چاہت فتح علی خان کے مطابق، پہلے نمبر پر بھارتی گلوکار گرو رندھاوا اور تیسرے نمبر پر پاکستان کے مرحوم گلوکار استاد نصرت فتح علی خان رہے۔ انہوں نے اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بے پناہ سپورٹ ہی انہیں اس مقام تک لے کر آئی ہے۔
تاہم، اس دعوے کے حوالے سے کوئی مستند ثبوت پیش نہیں کیا گیا، اور ابھی تک یوٹیوب یا گوگل کی جانب سے سال 2024 ءکے مقبول ترین گلوکاروں کی کوئی فہرست جاری نہیں کی گئی۔
یہ امر قابل غور ہے کہ ہر سال کے اختتام پر یوٹیوب، گوگل اور دیگر ادارے سب سے زیادہ مقبول شخصیات اور مواد کی فہرست جاری کرتے ہیں، لیکن اس سال کی فہرست کا باضابطہ اعلان ابھی باقی ہے۔