مانا جاتا ہے کہ بالی وڈ میں اکشے کمار، سلمان خان اور شاہ رخ خان سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے اداکار ہیں،اس دوڑ میں بھی ساؤتھ فلم انڈسٹری کے اداکاروں نے بالی وڈ کے بڑے ناموں کو بہت پیچھے چھوڑ دیا ہے،باہو بلی اور پھر پشپا جیسی بلاک بسٹر فلموں نے باکس آفس پر بزنس کے سارے ریکارڈز توڑے ہی تھے اور ساتھ ہی ان میں کام کرنے والے اداکاروں نے بھی بھاری معاوضے لیے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ساؤتھ انڈین فلم انڈسٹری کے معروف سپر سٹار الو ارجن بھارت کے سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے اداکار بن گئےہیں، ٹریک ٹالی وڈ کی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ الو ارجن نے پشپا 2 کے لیے حیران کن طور پر 300 کروڑ بھارتی روپے معاوضہ لیا ہے،یہ معاوضہ بالی ووڈ کے بڑے اداکاروں کی فلم کے بجٹ سے بھی زیادہ ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس سے قبل رجنی کانتھ نے فلم جیلر کے لیے 250 کروڑ روپے معاوضہ لیا تھا، الو ارجن کی فلم پشپا 2 کا ٹریلر جاری، چندگھنٹوں میں کروڑوں ویوز مل گئے۔
دوسری جانب بالی وڈ کی بات کریں تو بھارتی میڈیا کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ شاہ رخ خان اور سلمان خان فلموں کے منافع میں سےحصے سمیت150 سے 200 کروڑ روپے ایک فلم کا معاوضہ لیتے ہیں۔
واضح رہے کہ 17 نومبر کو الو ارجن کی فلم پشپا 2 کا ٹریلر جاری کیا گیا تھا، یوٹیوب پر پشپا 2- دی رول کے تیلگو، ہندی اور تامل زبان میں جاری کیےگئے ٹریلرکو چندگھنٹوں میں ہی کروڑوں ویوز ملے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پشپا 2 اگلے ماہ 5 دسمبر کو سنیما گھروں کی زینت بنےگی۔