گیری سندھو پر لائیو پرفارمنس کے دوران حملہ
Gary Sindhu was attacked
کینبرا:(ویب ڈیسک)بھارت کے معروف گلوکار گیری سندھو کو آسٹریلیا کی ریاست نیو ساؤتھ ویلز میں اپنی جاری دورے کے دوران ایک کنسرٹ میں پرفارم کرتے ہوئے اسٹیج پر حملے کا نشانہ بنایا گیا۔

ذہن نشین رہے کہ یہ افسوسناک اور چونکا دینے والا واقعہ اس وقت پیش آیا،جب مجمعے میں سے ایک مداح دوڑتا ہوا اسٹیج کی طرف آیا اور بھارتی گلوکار پر حملہ کر دیا۔

خوش قسمتی سے وہاں پر موجود پرائیویٹ سیکیورٹی اور حفاظت پر مامور مقامی پولیس کی فوری مداخلت کی وجہ سے حملہ آور کو فوراً قابو کر لیا گیا اور اس کو اسٹیج سے ہٹا کر گرفتار کر لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق یہ جھگڑا اس وقت بڑھا جب گیری سندھو نے اپنی انگلی سے ایک غیر اخلاقی اشارہ کیا جس نے مداح کو غصہ دلایا،جس کے بعد اس نے حملہ کر دیا۔

جبکہ سیکیورٹی اہلکاروں کی مداخلت اور کوششوں کے بعد سندھو کو حملہ آور سے دور کر لیا گیا۔

خیال رہے کہ سندھو نے تاحال اس واقعے پر کوئی آفیشل بیان جاری نہیں کیا،مگر اس چونکا دینے والے واقعہ  کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہیں،جس پر مداحوں کی مختلف رائے سامنے آئی ہے۔

واضح رہے کہ جالندھر، پنجاب کے رہائشی گیری سندھو اس وقت برطانیہ میں مقیم ہیں اور انسٹاگرام پر ان کے فالوورز کی تعداد 5.3 ملین سے بھی زائد ہے۔