"کبھی میں کبھی تم" کی مقبولیت کے نئے ریکارڈ
File photo
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی کامیاب ترین سیریل "کبھی میں کبھی تم" نے اپنی بے مثال مقبولیت کے ذریعے نئے ریکارڈ قائم کر دیے ہیں۔

نجی ٹی وی پر نشر ہونے والے اس ڈرامے نے نہ صرف پاکستان بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی شائقین کے دل جیت لیے ہیں، اس ڈرامے کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم یوٹیوب پر 158.3 ملین ویوز ملے جو اس کی بے مثال کامیابی کا غماز ہے۔

ڈرامے میں فہد مصطفیٰ (مصطفیٰ)، ہانیہ عامر (شرجینا)، عماد عرفانی (عدیل)، جاوید شیخ (افتخار)، بشریٰ انصاری، نعیمہ بٹ (رباب)، اریج چوہدری (نتاشا)، اور مایا خان سمیت دیگر نامور اداکاروں نے اہم کردار ادا کیے ہیں، ڈرامے کی کہانی معروف مصنفہ فرحت اشتیاق نے لکھی ہے جبکہ اس کی ہدایت کاری کے فرائض بدر محمود نے ادا کیے۔

"کبھی میں کبھی تم" نہ صرف پاکستان بلکہ بنگلہ دیش، بھارت اور یو اے ای سمیت دیگر ممالک میں بھی دیکھا گیا، اس ڈرامے کی آخری قسط کا مداحوں نے شدت سے انتظار کیا اور جب "شرجینا" اور "مصطفیٰ" کے کرداروں کا اختتام خوشگوار انداز میں ہوا تو مداحوں کی خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہ رہا۔

آخری قسط میں دکھایا گیا کہ مصطفیٰ اپنے بڑے بھائی عدیل کو جیل سے رہا کروا دیتے ہیں لیکن انہیں گھر لے جانے کا فیصلہ نہیں کرتے، اس کے علاوہ "شرجینا" اور "مصطفیٰ" بھی ایک دوسرے سے ملاقات کرکے اپنے گلے شکوے دور کر لیتے ہیں، اس پختہ اور دلکش اختتام کو مداحوں نے سراہا اور کمنٹس میں دونوں مرکزی اداکاروں کی شاندار پرفارمنس کی تعریف کی۔

مزید براں بشریٰ انصاری، جاوید شیخ، نعیمہ بٹ، اور عماد عرفانی کی اداکاری کو بھی بے حد پسند کیا گیا ہے، مداحوں کا مطالبہ ہے کہ "کبھی میں کبھی تم" کا سیکوئل بنایا جائے کیونکہ یہ ڈرامہ ایک عرصے تک یاد رکھا جائے گا اور اس کی کہانی نے دلوں میں جگہ بنا لی ہے۔

"کبھی میں کبھی تم" کی کامیابی نے ایک مرتبہ پھر پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کو عالمی سطح پر اجاگر کیا ہے اور اس کا شمار اس سال کے سب سے کامیاب ڈراموں میں کیا جا رہا ہے۔