ابھیشیک بچن کا اسکینڈل ایشوریا سے دوری کی وجہ بنا؟
Ashwarya Rai and Abhishek Bachan
ممبئ:(ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے مشہور اداکار ابھیشیک بچن اور ایشوریا رائے بچن کے ازدواجی رشتے میں مشکلات کے بارے میں بھارتی میڈیا میں کافی عرصے سے چہ مگوئیاں جاری ہیں۔

جوڑی کی کئی مہینوں سے ایک ساتھ عوامی سطح پر عدم موجودگی اور طلاق کی افواہیں مداحوں کے درمیان بے چینی پیدا کر رہی ہیں۔

حال ہی میں بھارتی میڈیا کی رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس جوڑی کی علیحدگی کی وجہ ابھیشیک بچن کا نمرت کور کے ساتھ مبینہ غیر ازدواجی تعلق ہے،جو فلم دسوی میں ابھیشیک کے ساتھ نظر آئی تھیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ابھیشیک اور نمرت کے درمیان اس تعلق نے ابھیشیک اور ایشوریا کے درمیان دوریاں پیدا کر دی ہیں اور یہی مسئلہ دونوں کے درمیان علیٰحدگی کا باعث بنا۔

ریڈٹ صارفین کی پوسٹس کا حوالہ دیتے ہوئے میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ابھیشیک نمرت کور کیلئے کافی سنجیدہ ہو گئے تھے،جس کے نتیجے میں ان کا اور ایشوریا کا رشتہ مزید مشکلات کا شکار ہوگیا۔تاہم جب ابھیشیک کو اپنی غلطی کا احساس ہوا اور وہ ایشوریا کے پاس واپس آنا چاہتے تھے تو ایشوریا نے انہیں معاف کرنے سے انکار کردیا اور دونوں نے اپنے راستے الگ کر لیے۔

اس معاملے پر تبصرے کرتے ہوئے بھارتی میڈیا نے بتایا ہے کہ ایشوریا اس وقت اپنی بیٹی آرادھیا اور اپنی والدہ کے ساتھ رہائش پذیر ہیں،جہاں انہوں نے اپنی والدہ کی سالگرہ بھی صرف بیٹی کے ساتھ منائی۔ابھیشیک کی اس موقع پر عدم موجودگی نے طلاق کی افواہوں کو مزید تقویت دی۔

ذرائع کے مطابق ایشوریا اپنے اخراجات کیلئے شوہر پر انحصار نہیں کرتی ہیں بلکہ انہوں نے مختلف شعبوں میں کی گئی سرمایہ کاری سے اپنے مالی معاملات کو سنبھالا ہوا ہے۔

دوسری جانب بھارتی میڈیا میں یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ ابھیشیک بچن اپنی اہلیہ ایشوریا کے سامنے خود کو غیر محفوظ محسوس کرتے ہیں،ان کی فلمی کیریئر کی ناکامیاں اور ایشوریا کی کامیابیوں نے ان کے اعتماد کو متاثر کیا ہے۔

یاد رہے کہ ابھیشیک اور ایشوریا کی شادی کو 17 سال سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے۔ تاہم حالیہ عرصے میں مکیش امبانی کے بیٹے اننت امبانی کی شادی میں ایشوریا اور آرادھیا کی عدم موجودگی اور ابھیشیک کا اپنے والدین کے ساتھ فوٹو شوٹ موضوع بحث بن گیا تھا،جس کے بعد طلاق کی افواہوں نے زور پکڑا۔

خیال رہے کہ ابھیشیک نے سوشل میڈیا پر ایک بھارتی صحافی کی طلاق سے متعلق پوسٹ کو لائیک بھی کیا تھا،جس سے ان قیاس آرائیوں کو مزید ہوا ملی،مگر کچھ دن بعد ہی ابھیشیک نے شادی کی انگوٹھی دکھا کر اپنے ازدواجی تعلق کا اعتراف بھی کیا تھا۔