خلیل الرحمان قمر کیس میں اہم پیشرفت
Image
لاہور: (ویب ڈیسک) معروف ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر کے ساتھ پیش آنے والے ہنی ٹریپ اور اغوا کے کیس میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔
 
انسداد دہشت گردی عدالت نے مرکزی ملزمہ آمنہ عروج کو 4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔
 
 انسداد دہشت گردی عدالت کے جج خالد ارشد نے سماعت کی اور ملزمہ آمنہ عروج کو 4 روزہ جسمانی ریمانڈ دیتے ہوئے حکم دیا کہ ملزمہ دن میں پولیس کی حراست میں اور رات کو جیل میں رہے گی۔
پولیس نے اس کیس میں اغوا برائے تاوان کی دفعات شامل کر دی ہیں۔
 
واضح رہے کہ خلیل الرحمان قمر کے ساتھ ڈکیتی اور اغوا کا واقعہ پیش آیا تھا۔ ایف آئی آر کے مطابق، خلیل الرحمان قمر نے بتایا کہ رات 12 بجے کے قریب آمنہ نامی خاتون نے نامعلوم نمبر سے فون کر کے اپنے گھر بلایا کہ وہ ان کے ساتھ مل کر ڈرامہ بنانا چاہتی ہے۔ تاہم، کچھ دیر بعد مسلح افراد نے واردات کی اور خلیل الرحمان قمر کو اغوا کر لیا۔
 
خلیل الرحمان قمر کے مطابق، ملزمان نے ان پر تشدد کیا اور گاڑی میں مختلف مقامات پر گھماتے رہے۔ 
 
ملزمان نے جان سے مارنے کی دھمکیاں دیتے ہوئے ان کے رشتے داروں سے پیسے منگوانے کا مطالبہ کیا۔
 
 ملزمان نے موبائل، گھڑی اور نقدی چھین لی اور اے ٹی ایم کارڈ سے 2 لاکھ 67 ہزار روپے نکلوائے۔ 
 
بعد ازاں، ملزمان نے خلیل الرحمان قمر کو آنکھوں پر پٹیاں باندھ کر ویران جگہ پر چھوڑ دیا اور فرار ہوگئے۔
 
پولیس نے کیس کی مزید تفتیش شروع کر دی ہے اور مرکزی ملزمہ آمنہ عروج کے ریمانڈ کے دوران اہم معلومات حاصل کرنے کی توقع ہے۔
 
 خلیل الرحمان قمر کی جانب سے ایف آئی آر درج کرانے کے بعد پولیس حرکت میں آئی اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزمان کی تلاش شروع کی۔
 
پولیس نے ننکانہ صاحب میں چھاپہ مارا تو معلوم ہوا کہ یہ 10 سے 12 افراد پر مشتمل گروہ ہے جو کروڑ پتی لوگوں کو ہنی ٹریپ کے ذریعے لوٹتے ہیں۔
 
 اس گروہ میں تین لڑکیاں شامل ہیں جنہیں مختلف ٹاسک دیے جاتے ہیں۔ آمنہ عروج کو خاص طور پر خلیل الرحمان قمر کو ٹریپ کرنے کا کام سونپا گیا تھا جس میں وہ کامیاب ہو گئی۔
 
پولیس کے مطابق، آمنہ عروج مختلف لوگوں کو لوٹتی رہی ہے اور خلیل الرحمان قمر بھی ان کے جال میں پھنس گئے۔
 
 آمنہ عروج نے اپنی گرفتاری کے بعد پولیس کو بتایا کہ وہ گذشتہ چھ روز سے خلیل الرحمان قمر سے رابطے میں تھی۔ 
 
ان کے درمیان واٹس ایپ پر بات چیت ہوتی رہی اور جب پلاننگ مکمل ہو گئی تو خلیل الرحمان قمر کو اپنے گھر بلایا۔
 
پولیس نے خلیل الرحمان قمر کو لوٹنے اور اغوا کرنے والے گروہ کو گرفتار کر لیا ہے۔ یہ 12 افراد پر مشتمل گروہ تھا جس نے خلیل الرحمان قمر کو اغوا کرکے ایک کروڑ روپے کا تاوان مانگا تھا۔
 
 جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزمان کو چند گھنٹوں میں ہی گرفتار کر لیا گیا جن سے گاڑیاں، وائر لیس سیٹ اور اسلحہ برآمد ہوا۔
 
پولیس ذرائع نے بتایا کہ ہنی ٹریپ کرنے والا گروہ خفیہ طریقے سے ویڈیوز بناتا ہے اور پھر مطلوبہ شخص سے رقم کی ڈیمانڈ کی جاتی ہے۔ 
 
خلیل الرحمان قمر کے ساتھ بھی یہی ہوا کہ ملزمان نے پہلے آمنہ عروج کے ساتھ ان کی ویڈیو بنائی اور پھر بلیک میل کرکے رقم کا تقاضا کرتے رہے۔
 
پولیس نے اس گروہ کے خلاف کارروائی جاری رکھی ہوئی ہے اور مزید تفصیلات سامنے آنے کی توقع ہے۔