خواتین سے ملاقات: متھیرا کا خلیل الرحمان کو مشورہ
Image
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کی خوبصورت اداکارہ و ماڈل متھیرا نے بھی ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر کو دلچسپ مشورہ دے دیا، اداکارہ متھیرا نے خلیل الرحمان قمر کو رات گئے گھر سے باہر نکلنے اور کسی سے بھی ملنے سے منع کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

 انٹرویو کے دوران اینکر نے جب متھیرا سے سوال کیا کہ کیا آپ کسی کو ملنے کیلئے صبح کے 4 بجے ملنے جائیں گی؟ اس پر متھیرا نے دلچسپ جواب دیا اور خلیل الرحمان قمر کو بھی مشورہ دے دیا۔

پاکستانی اداکارہ متھیرا نے سوال کے جواب میں کہا کہ 12 بجے کے بعد میں کسی کے باپ کیلئے بھی نہیں نکلتی، چاہے جتنا بھی بڑا پروجیکٹ ہے انتظار کرسکتی ہوں۔

متھیرا نے ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر کے ساتھ پیش آنے واقعے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مجھے خلیل الرحمان قمر کی پوری کہانی کا علم نہیں ہے لیکن آپ صبح کے 4 بجے اپنی گرل فرینڈ کے گھر بھی نہیں جاسکتے، وہ بدتمیزی ہوتی ہے۔

متھیرا نے مزید کہا کہ خلیل الرحمان کی شعر و شاعری مجھے پسند ہے اور ان کیلئے برا لگا، ابھی تو لوگ بات کررہے ہیں اصل کہانی کسی کو نہیں پتا، جو ہوا، برا ہوا ہے۔

 خلیل الرحمان سے ڈکیتی کے واقعے کا پس منظر

یاد رہے کہ حال ہی میں لاہور میں خلیل الرحمان قمر کے ساتھ اغوا اور ڈکیتی کا واقعہ پیش آیا تھا جس کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کیا۔

درج ایف آئی آر کے مطابق ملزمہ آمنہ عروج نے پاکستانی ڈرامہ نگار خلیل الرحمان کو فون کرکے بلایا کہ وہ ڈرامہ بنانا چاہتی ہے، وہ خاتون کے گھر پہنچے جہاں مسلح افراد نے انہیں اغوا کرلیا اور تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔

ایف آئی آر کے مطابق ملزمان نے خلیل الرحمان قمر سے موبائل، گھڑی اور نقدی بھی لوٹ لی اور اے ٹی ایم کارڈ سے ڈھائی لاکھ روپے بھی ٹرانسفر کروائے، بعدازاں ان کی آنکیں بند کرکے ویران جگہ پر چھوڑ کر فرار ہوگئے۔

پولیس کے مطابق ملزمان کے زیراستعمال گاڑی بھی برآمد کرلی گئی ہے اور ملزمان کو گرفتار کرکے ان سے تفتیش جاری ہے،گرفتار ملزمان میں ہی ٹریپ کرنے والی خاتون بھی شامل ہے۔