بیلا حدید سے مشہور کمپنی نے معافی مانگ لی
Image
نیویارک: (ویب ڈیسک) جرمنی کی معروف سپورٹس ویئر کمپنی ’ایڈیڈاس‘ نے اشتہاری مہم سے دستبردار کیے جانے پر فلسطین نژاد امریکی سپر ماڈل بیلا حدید سے معافی مانگ لی۔

سکائی نیوز میں شائع ہونے والی رپورٹ میں بتایا گیا کہ جرمن کمپنی کے تیار کردہ سنیکرز کی یہ اشتہاری مہم 1972 کے میونخ اولمپکس کے حوالہ سے تھی۔

اسرائیل سے منسلک پریشر گروپس نے الزام لگایا کہ ’ایڈیڈاس کی یہ اشتہاری مہم بیلا حدید کے جزوی فلسطینی پس منظر کی وجہ سے ایک طرح کا جرم ہے۔

ادھر امریکی ماڈل بیلا حدید ایڈیڈاس کی جانب سے مبینہ طور پر اشتہار سے الگ کرنے کے فیصلے پر قانونی کارروائی کے لیے غور کر رہی ہیں۔

کمپنی ایڈیڈاس نے انسٹاگرام پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ہمارا حالیہ SL-72  کا اشتہار نادانستہ غلطی ہے، ہم دنیا بھر کی کسی بھی کمیونٹیز کو ہونے والی پریشانی یا تکلیف کے لیے معذرت خواہ ہیں۔

مشہور کمپنی نے کہا ہے ہم اپنے اس اشتہار پر نظرثانی کر رہے ہیں اور تمام شراکت داروں، بیلا حدید، امریکن ریپر  ASAP Nast، فرانسیسی فٹبالر جولیس کاؤندے اور دیگر سے کسی منفی اثر کے لیے معذرت خواہ ہیں۔

متعدد اسرائیلی اور یہودی پریشر گروپس نے ایڈیڈاس کے اشتہار میں بیلا حدید کی شمولیت کو ہدف تنقید بنایا ہے۔ امریکی سپر ماڈل طویل عرصے سے فلسطینی کاز کی کھل کر حمایت کرتی رہی ہیں اور غزہ میں اسرائیلی جنگ پر تنقید کرتی رہی ہیں۔