برابری کرنی ہے تو اغوا کرکے دکھاؤ: خلیل الرحمان قمر کا پرانا بیان وائرل
Image
لاہور: (ویب ڈیسک) اغوا، ڈکیتی اور پھر تشدد کا نشانہ بننے والے پاکستان کے مشہور ترین ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر کی خواتین سے متعلق دیے گئے بیان کی پرانی ویڈیو ایک بار پھر سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔

 حال ہی میں خلیل الرحمان قمر کے ساتھ لاہور میں ڈکیتی اور اغوا کا واقعہ پیش آیا جس کے پیشِ نظر پنجاب پولیس نے فوراً کارروائی کرتے ہوئے اغوا میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

درج مقدمے کے مطابق ملزمہ آمنہ عروج نے پاکستانی ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر کو فون کر کے بلایا کہ وہ ڈرامہ بنانا چاہتی ہے، وہ خاتون کے گھر پہنچے جس کے بعد مسلح افراد نے انہیں اغوا کیا اور تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔

ایف آئی آر میں انکشاف کیا گیا کہ ملزمان نے خلیل الرحمان قمر پر تشدد کیا، موبائل، گھڑی اور نقدی بھی چھین لی اور اے ٹی ایم کارڈ سے ڈھائی لاکھ روپے بھی فوراً ٹرانسفر کروائے اور اس کے بعد ان کی آنکھوں پر پٹیاں باندھ کر انہیں ویران جگہ چھوڑ کر فرار ہوگئے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کے زیراستعمال گاڑی بھی برآمد کرلی ہے اور ملزمان کو گرفتار کرکے تفتیش کا سلسلہ جاری ہے، گرفتار ملزمان میں ہی ٹریپ کرنے والی خاتون بھی شامل ہے۔

خلیل الرحمان کا پرانا بیان سوشل میڈیا پر وائرل:

اغوا اور تشدد کے واقع کے بعد سوشل میڈیا پر خلیل الرحمان قمر کی ایک پرانی ویڈیو بہت زیادہ وائرل ہورہی ہے جس میں وہ عورتوں کی مردوں سے برابری کی بات کررہے ہیں۔

خلیل الرحمان قمر نے کہا کہ کبھی یہ خبر پڑھی کہ 5 خواتین نے مل کر ایک مرد اغوا کرلیا؟ تو یہ کرو نا، اگر برابری کرنی ہے تو یہ کرکے دکھاؤ ۔ پاکستانی ڈرامہ نگار کا کہنا تھا کہ خاتون پہلے اغوا کرلے پھر مجھے پتا چلے گا کہ یہ برابری کررہی ہے ۔