خلیل الرحمان قمر کیسے ہنی ٹریپ ہوئے؟ خاتون پکڑی گئی
Image
لاہور: (سنو نیوز) ڈراما نگار خلیل الرحمان قمر کو ہنی ٹریپ کرنے والا گروہ پکڑا گیا۔ پولیس نے سی سی ٹی وی کی مدد سے خاتون سمیت ملزمان کو دھرلیا۔ گرفتار ملزمان میں 4 خواتین اور 5 مرد شامل ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق ملزمان مشہور اور مالدار شخصیات کو ہنی ٹریپ کر کے پیسے بٹورتے ہیں۔ ملزمان کو آرگنائزڈ کرائم یونٹ ماڈل ٹاؤن نے گرفتار کیا۔

گرفتار ملزمان میں خلیل الرحمٰن قمر سے فون پر بات کرنے والے آمنہ عروج بھی شامل ہے۔ ملزمان شہر میں متعدد افراد کو ہنی ٹریپ کر چکے ہیں۔ گروہ کے چند افراد کو لاہور جبکہ باقی کو دیگر شہروں سے گرفتار کیا۔

 پولیس ذرائع کے مطابق آمنہ عروج نامی لڑکی کا خلیل الرحمان قمر سے 5 سے 6 روز سے رابطہ تھا۔ لڑکی نے ظاہر کیا کہ وہ انگلینڈ سے آئی ہے اور ڈرامہ بنانا چاہتی ہے۔

یاد رہے گزشتہ روز معروف ڈرامہ نگار خلیل الرحمٰن قمر کو اغوا کے بعد تاوان وصول کر کے چھوڑ دیا گیا تھا۔

خلیل الرحمان قمر کو آمنہ عروج نامی لڑکی نے ڈرامہ بنانے کا جھانسہ دیکر اپنے گھر بلایا، خلیل الرحمان کمرے میں بیٹھے ہی تھے کہ 7 سے 8 مسلح افراد داخل ہوئے، انکی آنکھوں پرپٹی باندھی اور تشدد کا نشانہ بنایا۔

ملزمان نے خلیل الرحمان کو گاڑی میں بٹھایا اورایک کروڑ روپے کا مطالبہ کیا۔ گن پوائنٹ پر ان سے اے ٹی ایم کارڈ کے ذریعے 2 لاکھ 60 ہزاربھی نکلوالیے۔ نقدی، پرس، موبائل اور قیمتی گھڑی بھی چھین لی۔

واضح رہے معروف ڈرامہ نگار اپنے ڈرامے ’میرے پاس تم ہو‘ سے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کر چکے ہیں۔

جبکہ خلیل الرحمن قمر اس کے علاوہ بھی تنازعات کی زد میں رہ چکے ہیں، ماروی سرمد سے ٹالک شو کے دوران لڑائی ہو یا پھر حالیہ دنوں میں ساحل عدیم کے تنازع میں خاتون پارٹیسمنٹ پر برہمی کا اظہار ہو، وہ توجہ حاصل کر رہے ہیں۔