اننت امبانی کی شادی،جسٹن بیبر پرفارم کرنے بھارت پہنچ گئے
Image
نئی دہلی :(ویب ڈیسک )معروف بزنس ٹائیکون مکیش امبانی کے بیٹے اننت امبانی کی شادی،معروف کینیڈین گلوکار جسٹن بیبر پرفارم کرنے بھارت پہنچ گئے۔

 بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی اب تک کی سب سے بڑی اور مہنگی ترین شادی قرار دی جارہی ہے،اس شادی میں مقامی بھارتی گلوکاروں کے ساتھ ساتھ برطانوی گلوکارہ اڈیل، کینیڈین ریپر ڈریک اور امریکی گلوکارہ لانا ڈیل رے اور جسٹن بیبر پرفارم کریں گے۔

عالمی شہرت یافتہ کینیڈین پاپ اسٹار جسٹن بیبر اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شاندار سنگیت تقریب میں پرفارمنس کا مظاہرہ کرنے کے لیے بھارت آ چکے ہیں جو کل منعقد ہوگی۔
 
جسٹن بیبر کے حوالے سے بھارتی میڈیا میں یہ خبریں گردش کررہی ہیں کہ انہوں نے اس شادی میں پرفارم کرنے کے لیے ناقابل یقین معاوضہ طلب کیا ہے جو 80 سے 90 کروڑ کے لگ بھگ ہے۔
 
اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی 12 جولائی کو ہو گی اور تقریبات کا سلسلہ چودہ جولائی تک جاری رہے گا۔
 
واضح رہے امبانی خاندان کی جانب سے شادی کا 3 روزہ جشن رواں سال مارچ میں جام نگر میں منایا گیا تھا جس میں بالی وُڈ سمیت دنیا بھر کی نامور شخصیات نے شرکت کی تھی۔
 
اس کے علاوہ امبانی خاندان نے شادی کا دوسرا جشن اٹلی اور جنوبی فرانس میں کروز پر منایا تھا۔ اننت امبانی کی شادی سے قبل  50 غریب جوڑوں کی شادی بھی کرائی گئی۔
 
فوربز کے مطابق 66 سالہ مکیش امبانی اس وقت دنیا کے 10ویں امیر ترین آدمی ہیں جن کی مجموعی مالیت 115 ارب ڈالرز ہے۔
 
ریلائنس انڈسٹریز، جس کی بنیاد ان کے والد نے 1966 میں رکھی تھی، ایک بہت بڑا گروپ ہے جو ریفائننگ اور ریٹیل سے لے کر مالیاتی خدمات اور ٹیلی کام تک کے شعبوں میں کام کرتا ہے۔
 
اننت امبانی اپنے تین بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹے ہیں، سبھی ریلائنس انڈسٹریز کے بورڈ میں شامل ہیں۔