عطاءاللّٰہ عیسیٰ خیلوی کا پانچ شادیوں کا دلچسپ انکشاف
Image
لاہور:(ویب ڈیسک) سرائیکی زبان کے معروف گلوکار، عطاءاللّٰہ خان عیسیٰ خیلوی نے اپنی پانچ شادیوں کے بارے میں پہلی بار کھل کر بات کی ہے۔
 
 ایک پوڈ کاسٹ میں بات کرتے ہوئے، عیسیٰ خیلوی نے نہ صرف اپنے ماضی کے تلخ تجربات کا ذکر کیا بلکہ محبت اور شادی کے موضوعات پر بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
 
عیسیٰ خیلوی نے بتایا کہ انہیں کئی بار محبت ہوئی اور ہر شادی کے ساتھ محبت کا بھی آغاز ہوا۔ انہوں نے اپنی دیہاتی پس منظر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے گھر کی بناوٹ میں بھی اس کی جھلک دیکھی جا سکتی ہے۔
 
 انہوں نے اپنی اولاد کے بارے میں بتایا کہ ان کا بیٹا سانول امریکا میں، بیٹی اسپین میں، اور چھوٹا بیٹا لندن میں مقیم ہیں۔ سب سے چھوٹی بیٹی لاہور میں میٹرک کر رہی ہے اور جلد ہی بیرونِ ملک چلی جائے گی۔
 
پانچ شادیوں پر بات کرتے ہوئے عیسیٰ خیلوی نے بتایا کہ چوتھی شادی کے وقت تک ان کی پہلی تین بیویاں انہیں چھوڑ چکی تھیں۔ چوتھی بیوی کی موجودگی میں انہوں نے پانچویں شادی کی۔
 
 انہوں نے بتایا کہ پہلی چار بیویاں ان کے ساتھ وقت نہ گزار سکیں اور اسی وجہ سے انہیں چھوڑ دیا۔ اس صورتحال میں، انہوں نے مجبوراً پانچویں شادی کی۔
 
عطاءاللّٰہ خان عیسیٰ خیلوی نے بانیٔ تحریک انصاف عمران خان کے ساتھ اپنے تعلقات پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے اور عمران خان کے خاندان ایک ہی علاقے سے ہیں اور وہ شوکت خانم ہسپتال کے لیے چندہ جمع کرنے کے لیے عمران خان کے ساتھ پوری دنیا میں گھومے ہیں۔
 
عیسیٰ خیلوی 1951 میں پنجاب کے شہر میانوالی کے علاقے عیسیٰ خیل میں پیدا ہوئے، اسی وجہ سے وہ عیسیٰ خیلوی کہلاتے ہیں۔ 
 
ان کی موسیقی اور گائیکی نے انہیں سرائیکی زبان کا ایک لیجنڈ بنا دیا ہے۔
 
 پوڈ کاسٹ میں ان کے انکشافات نے مداحوں کو ان کی زندگی کے مختلف پہلوؤں سے روشناس کرایا ہے۔