نصرت فتح علی خان کا کھویا ہوا نایاب البم مل گیا
Image
لاہور: (ویب ڈیسک) لیجنڈری گلوکار نصرت فتح علی خان کا ایک طویل عرصے سے کھویا ہوا البم، جسے تین دہائیوں قبل ریکارڈ کیا گیا تھا، اب ریلیز کیا جائے گا۔
 
 ریئل ورلڈ ریکارڈز کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ یہ البم، "چین آف لائٹ"، 34 سال قبل ریکارڈ کیا گیا تھا اور اسے 20 ستمبر کو جاری کیا جائے گا۔ اس البم میں چار صوفی اسلامی اشعار شامل ہیں جنہیں "قوال" کہا جاتا ہے۔
 
انسٹاگرام پر آفیشل اکاؤنٹ سے اعلان کیا گیا ہے کہ اس البم کا نام 'روشنی کی زنجیر' ہے اور اسے 20 ستمبر کو ریلیز کیا جائے گا۔ 
 
یہ ریکارڈنگ اپریل 1990 ءمیں ان کی مکمل ٹیم کے ساتھ کی گئی تھی اور اس میں چار قوالیاں شامل ہیں جن میں سے ایک کبھی نہیں سنی گئی۔
 
 اس نایاب ریکارڈنگ کو 2021 ءمیں دریافت کیا گیا جب ریئل ورلڈ ریکارڈز اپنے آرکائیو کو منتقل کر رہا تھا اور یہ البم ویئر ہاؤس میں محفوظ ٹیپوں میں ملی۔
 
پیٹر گیبریل، جنہوں نے 1989 ءمیں نصرت فتح علی خان کو ریئل ورلڈ میں سائن کیا تھا، نے البم کی ریلیز پر اپنی خوشی کا اظہار کیا۔ 
 
انہوں نے کہا کہ انہیں دنیا بھر کے مختلف موسیقاروں کے ساتھ کام کرنے کا شرف حاصل ہوا ہے، لیکن نصرت فتح علی خان ان سب میں سب سے بڑے گلوکار تھے۔ 
 
ان کا کہنا تھا کہ خان کی آواز میں جو احساس تھا، وہ بہت غیر معمولی تھا اور وہ اس بات پر فخر محسوس کرتے ہیں کہ انہوں نے عالمی سامعین تک ان کی پہنچانے میں کردار ادا کیا۔
یہ البم اس وقت ریکارڈ کیا گیا تھا جب نصرت فتح علی خان 1990 کے البم "Must Must" پر بھی کام کر رہے تھے، جو گٹارسٹ اور پروڈیوسر مائیکل بروک کے ساتھ تھا۔ یہ دور خان کے کیریئر کا ایک اہم مرحلہ تھا کیونکہ اس نے روایتی قوالی موسیقی کو عصری آوازوں کے ساتھ ملایا، جس سے وہ عالمی سامعین تک پہنچ سکے۔
 
نصرت فتح علی خان 1997ء میں 48 سال کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے سے وفات پا گئے تھے۔ ان کی موسیقی کا اثر بہت گہرا تھا، جس نے ایڈی ویڈر، میڈونا، جیف بکلے، اور دی رولنگ اسٹونز سمیت کئی مداحوں کے دل جیت لیے تھے۔ 2023 میں، رولنگ سٹون نے انہیں اپنے 200 بہترین گلوکاروں کی فہرست میں نمبر 91 پر رکھا۔