بڑی عید پر 4 نئی پاکستانی فلموں کے ساتھ پرانی فلمیں بھی ریلیز
Image
لاہور: (ویب ڈیسک) اس سال میٹھی عید کی بجائے بڑی عید پر زیادہ پاکستانی فلمیں ریلیز کی گئی ہیں، بڑی عید پر 4 نئی مقامی فلمیں ریلیز کی گئی ہیں، اور ساتھ میں کچھ پرانی فلموں کو بھی نمائش کے لیے پیش کیا گیا ہے۔

 عید الاضحیٰ پر 4 نئی پاکستانی فلمیں ریلیز کی گئی ہیں، جن میں میگا کاسٹ سائنس فکشن فلم عمرو عیار اور رومانوی مزاحیہ فلم نابالغ افراد سمیت ابھی اور ایجنٹ انیلا بھی شامل ہیں۔

 

چاروں نئی فلموں کے علاوہ سینماؤں فلمی شائقین کیلئے کچھ پرانی فلمیں بھی لگائی ہیں جن میں دی لیجنڈ آف مولا جٹ، ٹکسالی گیٹ، دغا باز دل اور پوپی کی ویڈنگ سمیت دیگر فلمیں بھی ہیں۔

 

پاکستانی فلموں کے ساتھ ساتھ سینماؤں میں ہولی ووڈ فلموں کے ساتھ دوسری غیر ملکی فلمیں بھی نمائش کیلئے پیش کی گئی ہیں۔

 

بڑی عید پر ریلیز ہونے والی نئی 4 فلموں میں سے نابالغ افراد اور عمرو عیار کو اچھی فلمیں قرار دیا جا رہا ہے، تاہم فلمی شائقین پرامید ہیں کہ پاکستانی ایکٹریس کبریٰ خان اور گوہر ممتاز کی 'ابھی' بھی اچھی فلم ثابت ہوگی جب کہ پاکستانی فلم 'ایجنٹ انیلا' کے ٹریلر کو دیکھ کر شائقین نے انتہائی مایوسی کا اظہار کیا ہے۔

 

ایجنٹ انیلا

 

پاکستانی فلم ایجنٹ انیلا کی کہانی قاسم گل پنہور نے لکھی ہے فلم کی ہدایت کاری بھی انہوں نے ہی کی ہے جب کہ فلم کے پروڈیوسر بھی وہ خود ہیں۔

 

فلم 'ایجنٹ انیلا' کی کاسٹ میں پاکستانی اداکارہ میرا، ردا اسفہانی، مصطفیٰ قریشی، غلام محی الدین، شفقت چیمہ، منظور مراد، مسکان نذیر، پیر معظم اور محبوب سلطان سمیت دیگر اداکار بھی شامل ہیں۔

 

ایجنٹ انیلا میں پاکستان کے لیجنڈ اداکارغلام محی الدین اور مصطفیٰ قریشی کے ساتھ ساتھ اس فلم میں پشتو اورسندھی ڈراموں کے اداکار بھی موجود ہیں۔

 

فلم ایجنٹ انیلا کی کہانی یہ ہے کہ ایک گروہ پاکستان میں کسی وائرس کے ذریعے خوف اور اموات پھیلانا چاہتا ہے جب کہ فلم میں دوسرا گروہ وہ دکھایا گیا ہے جو انہیں روکنے کی کوشش کرتا دکھائی دیتا ہے۔

 

ابھی

 

پاکستانی فلم ابھی کے ذریعے اداکارہ کبریٰ خان کی 4 سال بعد جب کے اداکار گوہر ممتاز تقریباً 6 برس بعد بڑے پردے پر نظر آئیں گے۔

 

پاکستانی فلم 'ابھی' کی کاسٹ میں اداکار عثمان پیرزادہ، سلیم شیخ، محمود اسلم، حنا بیات، احتشام الدین اور آصف رضا میر سمیت دیگر اداکار بھی شامل ہیں۔

 

پاکستانی فلم 'ابھی' کی کہانی نہ صرف رومانوی بلکہ ٹریجڈی اور قوم پرستی کے گرد بھی گھومتی ہے۔

 

نابالغ افراد

 

پاکستانی فلم نابالغ افراد رومانی مزاحیہ کہانی ہے جو 1990 کی دہائی کے گرد گھومتی ہے اور اس میں شائقین کو مصالحہ اور مستی دیکھنے کو بھی ملے گی۔

 

فلم کی کاسٹ میں ثمر جعفری، عاشر وجاہت اور رمحہ احمد سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔ فلم کی آدھی کاسٹ نئی نسل پر مبنی ہے، جن کی عمریں 15 سے 25 سال کے درمیان ہیں جب کہ فلم کی آدھی کاسٹ سینیئر پاکستانی اداکاروں پر مبنی ہے۔

 

فلم میں مانی، معراج سلیم، فائزہ احسن اور راشدہ تبسم سمیت دیگر اداکار بھی موجود ہیں۔

 

عمرو عیار

 

پاکستان کی سائنس فکشن فلم 'عمرو عیار' کی کہانی عاطف ریحان صدیقی نے لکھی ہے جبکہ ہدایات اظفر جعفری نے دی ہیں اور اسے ہما بابر نے پروڈیوس کیا ہے۔

 

عمرو عیار کی کاسٹ میں صنم سعید، عثمان مختار، فاران طاہر کے علاوہ عدنان صدیقی، علی قاضی، سیمی راحیل، منظر صہبائی، ثنا فخر، دانیال راحیل اور سلمان شوکت سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔

 

یہاں یہ بات واضح رہے کہ ’عمرو عیار‘ فلم کی کہانی ہزار سالہ قدیم مسلم ادب ’داستان امیر حمزہ‘ میں شامل اسی نام کے کردار کی کہانی پر مبنی ہے۔