چاہت فتح علی خان نے فلم انڈسٹری میں بھی قدم رکھ دیا
Image
لاہور: (ویب ڈیسک) سوشل میڈیا سٹار اور مزاحیہ گانوں سے وائرل ہونے والے گلوکار چاہت فتح علی خان نے فلم انڈسٹری میں بھی قدم رکھنے کا اعلان کر دیا۔

 تفصیلات کے مطابق چاہت فتح علی خان نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ انسٹاگرام اور یوٹیوب چینل پر رواں ماہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر ریلیز کی جانے والی فلم کا ٹریلر شیئر کیا ہے۔

 

گلوکار چاہت فتح علی خان نے فراز احمد کی ہدایتکاری میں بننے والی کامیڈی فلم ’سبق‘ کے ذریعے فلمی دنیا میں ڈیبیو کیا ہے۔ اس کامیڈی فلم میں دوسری شادی اور سوشل میڈیا انفلوئسنرز کی زندگی پر روشنی ڈالی گئی ہے۔

 

چاہت فتح علی خان فلم میں مرکزی کردار خود ادا کریں گے اور ان کے مخصوص اسٹائل کی وجہ سے ٹریلر کو لوگ بہت زیادہ پسند کررہے ہیں۔

 

مزاحیہ گلوکار چاہت فتح علی خان نے اپنی آنے والی فلم کا اعلان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ’میری پہلی فلم، سبق، عید مبارک کے دن ریلیز ہو رہی ہے۔

 

یاد رہے گزشتہ ماہ کے آغاز میں چاہت فتح علی خان نے ماڈل وجدان راؤ کے ہمراہ ’اکھ لڑی بدوبدی‘ کی ویڈیو ریلیز کی تھی، جسے دنیا بھر میں سراہا گیا۔

 

چاہت فتح علی خان کی ویڈیو کو یوٹیوب پر اب تک ڈھائی کروڑ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے جب کہ ’بدو بدی‘ ٹک ٹاک، یوٹیوب اور انسٹاگرام پر ٹرینڈنگ میں بھی رہا اور اسے بھارتی صارفین کی جانب سے بھی بہت پسند کیا جا رہا ہے۔

 

اکھ لڑی بدوبدی‘ کو چاہت فتح علی خان سے قبل ملکہ ترنم نورجہاں نے 1973 میں ریلیز ہونے والی فلم بنارسی ٹھگ کے لیے گایا تھا۔