پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں تیزی، ڈالر مزید سستا
Pakistan Stock Exchange
فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے تیسرے روز مثبت رجحان دیکھنے میں آیا، جبکہ زرمبادلہ مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی۔

کاروبار کے آغاز پر پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 300 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ہوا، جس کے بعد 100 انڈیکس 1,61,633 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔ مارکیٹ میں بینکنگ، آئل اینڈ گیس اور ٹیکنالوجی سیکٹرز میں خریداری کے رجحان نے مجموعی سرمایہ کاری کے ماحول کو سہارا دیا۔

ذہن نشین رہے کہ گزشتہ روز پہلے سیشن میں مارکیٹ میں تیزی دیکھی گئی تھی، تاہم کاروباری دن کے اختتام پر انڈیکس میں 1521 پوائنٹس کی نمایاں کمی ہوئی تھی، جو 1,61,281 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔

معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق حالیہ بہتری حکومتی معاشی پالیسیوں اور روپے کی قدر میں استحکام کی وجہ سے ممکن ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:مہنگائی کا جن پھر بے قابو، شرح 6 فیصد سے متجاوز

ادھر زرمبادلہ مارکیٹ میں بھی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے نے معمولی بہتری دکھائی، انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر 7 پیسے سستا ہو کر 280 روپے 80 پیسے پر آ گیا۔

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ درآمدی دباؤ میں کمی اور بیرونی ادائیگیوں کے توازن نے روپے کی قدر کو سہارا دیا ہے، اگر موجودہ رجحان برقرار رہا تو سرمایہ کاروں کا اعتماد مزید مضبوط ہوگا اور مارکیٹ میں استحکام پیدا ہو گا۔