تفصیلات کے مطابق کاروباری ہفتے کے دوسرے روز بھی اسٹاک مارکیٹ میں مثبت رحجان دیکھا گیا، کاروبار کے آغاز پر 100 انڈیکس میں 360 پوائنٹس کا اضافہ ہوا جس کے بعد انڈیکس ایک لاکھ 63 ہزار 163 پوائنٹس کی سطح پر ٹریڈ کرتا نظر آیا۔
مارکیٹ میں تیزی کے اس تسلسل نے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مزید مضبوط کیا ہے۔
گزشتہ روز بھی مارکیٹ میں نمایاں تیزی دیکھی گئی تھی، جب اسٹاک مارکیٹ میں مجموعی طور پر 32 ارب 54 کروڑ 86 لاکھ 39 ہزار 881 روپے مالیت کے 35 کروڑ 29 لاکھ 97 ہزار 728 شیئرز کا کاروبار ہوا تھا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق حالیہ تیزی معاشی استحکام اور غیر ملکی سرمایہ کاری کی توقعات میں اضافے کا نتیجہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں:مہنگائی کا جن پھر بے قابو، شرح 6 فیصد سے متجاوز
دوسری جانب زرمبادلہ مارکیٹ میں بھی مثبت پیش رفت دیکھی گئی، ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے مطابق انٹر بینک میں 5 پیسے کی کمی کے بعد ڈالر کی قیمت 280 روپے 85 پیسے پر آ گئی۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ روپے کی قدر میں بہتری سے درآمدی دباؤ کم ہو گا اور افراطِ زر پر قابو پانے میں مدد ملے گی، اگر یہ رجحان برقرار رہا تو آنے والے دنوں میں مارکیٹ مزید مستحکم ہو سکتی ہے۔