
جمعہ کو کاروبار کے آغاز پر پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی کا رجحان ریکارڈ دیکھا گیا۔ 100 انڈیکس میں 597 پوائنٹس کا شاندار اضافہ ہوا جس کے بعد انڈیکس 1 لاکھ 39 ہزار 290 پوائنٹس کی سطح تک جا پہنچا، جو سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے کا مظہر ہے۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے معاشی اصلاحات، مالیاتی اشاریوں میں بہتری اور بیرونی سرمایہ کاری کی اُمیدوں نے مارکیٹ میں مثبت جذبات کو تقویت دی ہے۔
گزشتہ روز پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں پہلے سیشن کے دوران تیزی دیکھی گئی تھی تاہم کاروباری دن کے اختتام پر انڈیکس کچھ حد تک نیچے آیا تھا، مگر آج ایک بار پھر مارکیٹ نے مضبوط واپسی کی اور سرمایہ کاروں کو اعتماد دلایا۔
دوسری جانب بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں 1 روپے 22 پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد ڈالر 284.22 روپے سے گھٹ کر 283 روپے پر آ گیا۔
یہ بھی پڑھیں:اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اتار چڑھاو جاری
تجزیہ کاروں کے مطابق زرِمبادلہ کے ذخائر میں اضافے، ترسیلات زر میں بہتری اور درآمدات میں کمی نے روپے کو سہارا دیا ہے۔
معاشی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر یہی رجحان برقرار رہا تو اگلے چند ہفتوں میں مارکیٹ مزید بلندی پر جا سکتی ہے اور روپے کی قدر میں بھی مزید بہتری ممکن ہے۔