پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا اتار چڑھاؤ جاری
Pakistan Stock Exchange today
کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز ملا جلا رجحان ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ٹریڈنگ کے دوران سرمایہ کاروں کی محتاط حکمت عملی کے باعث مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ جاری رہا، جبکہ 100 انڈیکس میں معمولی بہتری ریکارڈ کی گئی۔

پیر کے روز ٹریڈنگ کے آغاز پر ہی مارکیٹ میں سست روی دیکھی گئی، دن کے آغاز میں کچھ حصص میں تیزی دیکھی گئی، جس کے نتیجے میں 100 انڈیکس میں 20 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے نتیجے میں انڈیکس 138,617 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔

ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس ایک موقع پر 139,201 پوائنٹس کی بلند ترین سطح تک بھی پہنچا، تاہم مارکیٹ آخر تک اس سطح کو برقرار نہ رکھ سکی۔

واضح رہے کہ سرمایہ کار ملکی معاشی صورتحال اور بجٹ کے بعد کی پالیسیوں پر نظر رکھے ہوئے ہیں، جس کی وجہ سے بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری سے گریز کیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:اب گھر بیٹھے شناختی کارڈ کو اپڈیٹ کریں

ذہن نشین رہے کہ گزشتہ کاروباری ہفتے کے اختتام پر اسٹاک مارکیٹ نے ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح کو عبور کرتے ہوئے 140,000 پوائنٹس کی حد بھی عبور کی تھی، تاہم اختتامی لمحات میں کچھ منافع بخش سیلنگ کے باعث مارکیٹ 138,597 پوائنٹس پر بند ہوئی تھی۔

ماہرین کے مطابق موجودہ مالی سال کے آغاز پر سرمایہ کار محتاط رویہ اختیار کیے ہوئے ہیں، تاہم اگر معاشی اشاریے بہتر رہے تو مارکیٹ میں دوبارہ تیزی کا امکان موجود ہے۔