پٹرول اور ڈیزل پر چلنے والی گاڑیوں پر نئی لیوی کا نفاذ، نوٹیفکیشن جاری
 فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے پٹرول اور ڈیزل پر چلنے والی گاڑیوں پر نئی لیوی کے نفاذ کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے پٹرول اور ڈیزل پر چلنے والی گاڑیوں پر نئی لیوی کے نفاذ کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

حکومت کی جانب سے 1300 سی سی سےچھوٹی مقامی ودرآمدی گاڑیوں پر ایک فیصد انرجی وہیکل لیوی نافذکردی گئی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پک اپ، بسوں اور ٹرکوں پر ایک فیصد لیوی عائد کی گئی ہے جبکہ 1300 سے 1800 سی سی گاڑیوں پر 2 فیصد انرجی وہیکل لیوی نافذ کردی گئی،1800 سی سی سے بڑی گاڑیوں پر 3 فیصد لیوی کا نفاذ ہو گا۔

ایف بی آر کی جانب سے کہا گیاہے کہ لیوی کا مقصد صارفین کو الیکٹرک گاڑیوں کی طرف راغب کرنا ہے، درآمدی گاڑیوں پر لیوی متعلقہ خریدار ادا کرنے کا پابند ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: اے ٹی ایم سے رقم نکالنے کی فیس میں اضافہ

یاد رہے کہ اس سے قبل گزشتہ دنوں حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی اضافہ کیا گیا تھا۔

وزارت پٹرولیم کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق یکم جولائی سے پٹرول کی قیمت میں 8 روپے 36 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 10 روپے 39 پیسے فی لٹر کا اضافے کا اعلان کیا گیا۔

اسی طرح پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں میں 2.50 روپے کاربن لیوی عائد کردی گئی، پٹرول پر پٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی (پی ڈی ایل ) کم کر کے 75 روپے 52 پیسے فی لٹر کردی گئی جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل پر لیوی 74 روپے 51 پیسے مقرر کردی گئی۔