
میڈیا رپورٹس کے مطابق پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ٹرین کے کرایوں میں بھی اضافہ کر دیا گیا، پاکستان ریلویز کی جانب سے مسافر ٹرینوں اور مال بردار ریل گاڑیوں کے کرایوں میں 2 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔
اسی طرح پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل ہونے کے بعد کول ٹرانسپورٹیشن کا کرایہ بھی 3 فیصد بڑھا دیا گیا ہے، مسافر ٹرینوں کے کرایوں میں اضافہ 18 جولائی اور گڈز ٹرینوں کے کرایوں میں اضافہ 21 جولائی سے نافذ العمل ہوگا۔
واضح رہے کہ پاکستان ریلوے نے گزشتہ دو ہفتوں کے دوران دوسری بار کرایوں میں اضافہ کیا ہے، اس سے قبل 4 جولائی کو ٹرین کرایوں میں 2 فیصد اضافہ کیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: ریلوے کا مسافروں کے لیے جدید بزنس ٹرین چلانے کا فیصلہ
واضح رہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے 16 جولائی سے پٹرول کی قیمت میں 5 روپے 36 پیسے جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 11 روپے 37 پیسے فی لٹر کا بڑا اضافہ کیا گیا تھا۔
خیال رہے کہ صرف ڈیڑھ ماہ کے دوران پٹرولیم کی مصنوعات 29 روپے 71 پیسے فی لٹر تک مہنگی ہوئی ہیں اور یکم جون سے اب تک پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں چوتھی بار اضافہ کیا گیا ہے۔