
کین کمشنر پنجاب نے آئندہ چار ماہ کے لیے چینی کی قیمتوں سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق 15 جولائی سے 14 اگست تک چینی کی ایکس مل قیمت 165 روپے ہو گی جبکہ پرچون پر چینی 173 روپے فی کلو میں فروخت ہوگی، 15 اگست سے 14 ستمبر تک چینی کی ایکس مل قیمت 167 روپے مقرر کی گئی ہے جبکہ پرچون پر چینی 175 روپے فی کلو میں بیچی جائے گی۔
کین کمشنر پنجاب کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ 15 ستمبر سے 14 اکتوبر تک چینی کا ایکس مل ریٹ 169 روپے فی کلو جبکہ پرچون ریٹ 177 روپے فی کلو مقرر کیا گیا ہے۔
اسی طرح 15 اکتوبر سے چینی کی ایکس مل قیمت 171 روپے فی کلو ہو گی جبکہ پرچون میں چینی 179 روپے فی کلو میں فروخت ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت اور شوگر ملز مالکان کے درمیان معاملات طے
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں وفاقی وزارت غذائی تحفظ کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ شوگر ملوں کے ساتھ چینی کی ایکس مل قیمت 165 روپے فی کلو گرام مقرر کی گئی ہے، تمام صوبائی حکومتیں اس فیصلے کی روشنی میں عوام کو سستی چینی کی دستیابی یقینی بنائیں گی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل ملک کے مختلف شہروں میں فی کلو چینی کی قیمت 200 روپے تک پہنچ گئی تھی۔
حکام کے مطابق جولائی تا مئی کے دوران ملک سے 7 لاکھ 65 ہزار میٹرک ٹن چینی برآمد کی گئی جس سے 112 ارب روپے سے زائد آمدن حاصل ہوئی تاہم برآمدات نے مقامی مارکیٹ میں چینی کی دستیابی کو متاثر کیا جس کے باعث اس کی قیمتوں میں بے قابو اضافہ ہوا۔