دو لاکھ روپے نقد بینک میں جمع کرانے پر کوئی کٹوتی نہیں ہو گی: ایف بی آر
 فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے تاجر برادری کو یقین دہانی کرائی ہے کہ دو لاکھ روپے نقد بینک میں جمع کرانے پر کوئی کٹوتی نہیں ہو گی۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے تاجر برادری کو یقین دہانی کرائی ہے کہ دو لاکھ روپے نقد بینک میں جمع کرانے پر کوئی کٹوتی نہیں ہو گی۔

آل پاکستان تنظیم تاجران کے وفد کے فیڈرل بورڈ آف ریونیو حکام سے مذاکرات ہوئے جس میں ایف بی آر حکام کی جانب سے تاجر برادری کو اہم یقین دہانیاں کرائی گئیں۔

ایف بی آر حکام نے تاجر برادری کو یقین دہانی کرائی کہ 2 لاکھ روپے نقد بینک میں جمع کروانے پر کوئی ٹیکس کٹوتی نہیں ہو گی،ڈیجیٹل انوائسنگ چھوٹے تاجروں اور ریٹیلرز پر لاگو نہیں ہو گی ،ڈیجیٹل انوائسنگ کا نفاذ صرف بزنس ٹو بزنس سیلز ٹیکس رجسٹرڈ کمپنیوں پر مرحلہ وار کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: کم انکم ٹیکس دینے والوں کے گرد شکنجہ کسنے کی تیاری

فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے مطابق ڈیجیٹلائزیشن کمیٹی میں تاجر نمائندوں کو شامل کیا جائے گا، سیلز ٹیکس قانون 37اے اور 37 بی کا اطلاق چھوٹے تاجروں پر نہیں ہو گا ،کسی بڑے صنعتکار کو بھی سیلز ٹیکس قانون کے تحت گرفتار نہیں کیا جائے گا۔

ایف بی آر کا تاجر برادری کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہنا تھا کہ قانون 37 اے اور 37 بی کا مقصد جعلی انوائسز کی روک تھام ہے ، مارکیٹوں میں کسٹم چھاپوں کے خلاف الگ اجلاس میں نیا میکنزم طے ہو گا۔

اعلامیہ کے مطابق آل پاکستان تنظیم تاجران کی جانب سے کاشف چودھری، خواجہ سلمان صدیقی، شرجیل میر و دیگر نے ٹیکس نظام پر ایف بی آر حکام کے سامنے تاجر برادری کامؤقف پیش کیا۔