پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی
stock exchange graph
فائل فوٹو
کراچی:(ویب ڈیسک) پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے تیسرے روز بھی تیزی کا رجحان برقرار رہا، 100 انڈیکس نے ایک لاکھ 17 ہزار کی حد عبور کر لی۔

کاروبار کے آغاز پر انڈیکس میں 450 پوائنٹس کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد انڈیکس 117,225 پوائنٹس کی سطح تک پہنچ گیا۔

ذہن نشین رہے کہ گزشتہ روز انڈیکس کاروباری دن کے اختتام پر 116,775 پوائنٹس پر بند ہوا تھا، جس سے واضح ہوتا ہے کہ سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو رہا ہے اور مارکیٹ میں سرمایہ کاری کا رجحان بڑھ رہا ہے۔

ماہرین معاشیات کے مطابق سیاسی غیر یقینی میں کمی اور مالیاتی اشاریوں میں بہتری کے باعث مارکیٹ میں تیزی دیکھنے میں آ رہی ہے۔

دوسری جانب کرنسی مارکیٹ میں بھی معمولی مگر مثبت تبدیلی دیکھنے میں آئی ہے۔ ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے مطابق ڈالر کی قیمت میں 7 پیسے کی کمی ہوئی ہے، جس کے بعد انٹر بینک میں امریکی ڈالر 280 روپے 50 پیسے پر ٹریڈ کر رہا ہے۔

ماہرین کے مطابق روپے کی قدر میں بہتری اور ڈالر کی قیمت میں معمولی کمی سے درآمدی اخراجات پر دباؤ کم ہو سکتا ہے، جو ملکی معیشت کیلئے خوش آئند ہے۔

کاروباری طبقے نے اسٹاک مارکیٹ کی اس تیزی کو معیشت میں بحالی کی نوید قرار دیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ یہ رجحان آئندہ دنوں میں بھی جاری رہے گا۔