کراچی کیلئے بجلی کی قیمت میں 4 روپے سے زائد کمی متوقع
 شہر قائد کے باسیوں کے لیے بجلی کی قیمت میں مزید 4 روپے 84 پیسے فی یونٹ تک کمی متوقع ہے۔
فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) شہر قائد کے باسیوں کے لیے بجلی کی قیمت میں مزید 4 روپے 84 پیسے فی یونٹ تک کمی متوقع ہے۔

ذرائع کے مطابق مطابق کراچی الیکٹرک نے جنوری 2025 کیلئے ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں فی یونٹ کمی کیلئے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی کو درخواست جمع کرادی ہے۔

کے الیکٹرک کے ترجمان نے بتایا ہے کہ درخواست کی منظوری کے نتیجے میں کراچی کے صارفین کو 4 روپے 84 پیسے فی یونٹ ریلیف ملنے کا امکان ہے، نیپرا 20 مارچ 2025 کو درخواست پر سماعت کرے گا اور پھر اس کا فیصلہ جاری کیا جائے گا۔

کے الیکٹرک کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ نیپرا میں اس بات کی وضاحت کی جائے گی کہ صارفین کے بلوں میں اس ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق کس ماہ میں ہوگا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ مسلسل پانچواں موقع ہے جب کے الیکٹرک کے صارفین کو فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں ریلیف کے اقدامات کیے جارہے ہیں، قبل ازیں گزشتہ برس ستمبر میں 0.18 پیسے، اکتوبر میں 0.49 پیسے، نومبر میں 1.23 روپے اور سال کے اختتام پر دسمبر میں بجلی کی قیمت میں 3.0 روپے فی یونٹ کمی کی گئی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ میں ردوبدل عالمی سطح پر ایندھن کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ اور بجلی کی پیداوار کے ذرائع میں تبدیلی کے باعث کیا جاتا ہے، جب ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ ہوتا ہے تو اس کا اثر صارفین کے بلوں پر پڑتا ہے اور جب ایندھن کی قیمتیں گرتی ہیں تو اس کا فائدہ صارفین کو فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی صورت میں دیا جاتا ہے۔