عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں بڑھ گئیں
Crude oil prices increased by 3 percent in the global market
واشنگٹن: (ویب ڈیسک ) عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں 3 فیصد اضافہ ہوگیا۔

 تفصیلات کے مطابق خام تیل کی قیمت میں اضافے کا رجحان جاری رہا، برطانوی خام تیل برینٹ آئل کی قیمت فروخت 73 ڈالر فی بیرل کی سطح سے تجاوز کر گئی۔

امریکی خام تیل ڈبلیو ٹی آئی کی فی بیرل قیمت 69 ڈالرکے قریب رہی۔ عالمی سطح پر گیس کی قیمت میں بھی 4 فی صد اضافہ ہوا، گیس 2 ڈالر 34 سینٹس فی ایم ایم بی ٹی یو میں فروخت ہو رہی ہے۔

یاد رہے 16 نومبر کو حکومت نے آئندہ 15 روز کے لیے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔ وزارت خزانہ نے بتایا کہ پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 248 روپے 38 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 255 روپے 14 پیسے پر برقرار رہے گی۔

واضح رہے کہ 31 اکتوبر کو حکومت نے آئندہ 15 روز کے لیے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ اور مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل آئل کی فی لیٹر قیمتوں میں کمی کر دی تھی۔

حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں ایک روپے 35 پیسے کا اضافہ کیا تھا جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 3 روپے 85 پیسے فی لیٹر بڑھائی گئی تھی۔

نوٹی فکیشن میں کہا گیا تھا کہ اضافے کے بعد پیٹرول کی نئی فی لیٹر قیمت 248 روپے 38 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی فی لیٹر قیمت 255 روپے 14 پیسے ہوگئی ہے۔

مزید بتایا گیا تھا کہ مٹی کے تیل کی فی لیٹر قیمت میں ایک روپے 48 پیسے اور لائٹ ڈیزل آئل کی فی لیٹر قیمت میں 2 روپے 61 پیسے کی کمی کی گئی ہے۔