آل پاکستان جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق سونے کی فی تولہ قیمت میں 5400 روپے کی نمایاں کمی ہوئی ہے،جس کے بعد ایک تولہ سونا 2 لاکھ 76 ہزار 800 روپے پر فروخت ہو رہا ہے۔
واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ دیکھنے میں مل رہا ہے،جو عالمی مارکیٹ میں قیمتوں کے اثرات اور ملکی اقتصادی صورتحال کے باعث ہے۔
مارکیٹ رپورٹس کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتیں کم ہونے کی وجہ سے مقامی سطح پر بھی سونے کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی ہے۔
سونے کی قیمتوں میں کمی سے سونے کے زیورات کی خریداری کرنے والے افراد میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔بہت سے لوگوں کیلئے یہ سنہری موقع ہے کہ وہ اپنی پسند کے زیورات خرید سکیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی سونے کی قیمتوں میں واضح کمی دیکھی گئی تھی۔گزشتہ روز ملک بھر میں 24 کیرٹ فی تولہ سونے کی قیمت 1,000 روپے کم ہوکر 2 لاکھ 82 ہزار 200 روپے تک پہنچی تھی،جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت 857 روپے کمی کے بعد 2 لاکھ 41 ہزار 941 روپے پر آگئی۔
اس سے قبل بھی عالمی منڈی میں سونے کی قیمتوں میں کمی کی وجہ سے پاکستان میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 500 روپے کمی دیکھی گئی تھی، عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں مسلسل کمی کا رجحان آج بھی برقرار رہا، آج عالمی سطح پر سونے کے دام 10 ڈالر کم ہوکر 2,727 ڈالر فی اونس ریکارڈ کیے گئے۔
دوسری جانب ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں کمی کا یہ سلسلہ اس بات کا اشارہ ہے کہ آنے والے دنوں میں بھی پاکستانی مارکیٹ میں سونے کی قیمتیں مزید کم ہو سکتی ہیں۔