ذرائع کے مطابق مشرق وسطی میں خراب ہوتی صورتحال کے باعث عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ متوقع ہے۔ 16 اکتوبر سے پیٹرول 4 روپے فی لیٹر مہنگا ہونے کا امکان ہے۔
ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 11 روپے فی لیٹر اضافے کا امکان ہے۔ حکومت 15 اکتوبر کی رات پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا فیصلہ جاری کرے گی۔
حکام نے بتایا کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں پیٹرول کی قیمت تقریباً 76 ڈالر فی بیرل سے بڑھ کر تقریباً 79 ڈالر فی بیرل اور ڈیزل کے نرخ اضافے کے بعد 80.5 ڈالر سے بڑھ کر تقریباً 87.5 ڈالر فی بیرل ہوگئے۔
حالیہ پندرہ دنوں کے دوران پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل پر درآمدی پریمیم بالترتیب 8.7 ڈالر اور 5 ڈالر فی بیرل پر مستحکم رہا۔
پیٹرول کی موجودہ قیمت 247.03 روپے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 246.69 روپے فی لیٹر ہے۔ تاہم ریٹیل مارکیٹ میں پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل دونوں 248 روپے فی لیٹر کی قیمت پرفروخت ہو رہے ہیں۔