مہنگائی کم ترین سطح پر آگئی
Inflation came to the lowest level
اسلام آباد:(ویب ڈیسک) پاکستان میں سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے، جو 44 ماہ کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی۔
 
 ستمبر 2024 ءکے دوران کنزیومر پرائس انڈیکس (سی پی آئی) کے مطابق مہنگائی کی شرح 6.9 فیصد ریکارڈ کی گئی، جو جنوری 2021 ء کے بعد سب سے کم ہے۔
 
ادارہ شماریات کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق، ستمبر میں مہنگائی کی شرح حکومت کی توقعات سے بھی کم رہی۔ اس رپورٹ میں بتایا گیا کہ اگست 2024 ء میں مہنگائی کی شرح 9.64 فیصد تھی، جس میں ستمبر کے دوران 0.52 فیصد کمی ہوئی۔
 
شہری اور دیہی علاقوں میں مہنگائی کی صورتحال:
 
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ ستمبر کے دوران شہری علاقوں میں مہنگائی 9.29 فیصد رہی جبکہ دیہی علاقوں میں یہ شرح 3.65 فیصد رہی۔ ادارہ شماریات کے مطابق، شہری علاقوں میں مہنگائی 0.53 فیصد اور دیہی علاقوں میں 0.50 فیصد کم ہوئی۔
 
سہ ماہی مہنگائی کی شرح:
 
مالی سال 2025 ءکی پہلی سہ ماہی یعنی جولائی سے ستمبر کے دوران اوسط مہنگائی کی شرح 9.19 فیصد ریکارڈ کی گئی، جو پچھلے مالی سال کی نسبت نمایاں کمی کی طرف اشارہ کرتی ہے۔
 
افراط زر کی کم ترین سطح:
 
اس سے قبل، ادارہ شماریات نے بتایا تھا کہ اگست 2024 میں بھی مہنگائی سنگل ڈیجٹ پر آئی تھی، جسے تین سال بعد پہلی بار ریکارڈ کیا گیا تھا۔ اگست میں افراط زر کی شرح 9.64 فیصد رہی تھی، جو اکتوبر 2021 ء کے بعد پہلی بار ملک میں سنگل ڈیجٹ پر آئی تھی۔
 
رپورٹ کے مطابق، اگست 2024 ء میں سالانہ بنیادوں پر مہنگائی 9.6 فیصد رہی جبکہ اگست 2023 میں یہ شرح 27.4 فیصد تھی، جو مہنگائی میں نمایاں کمی کا اشارہ ہے۔
 
موجودہ حکومت کی کامیابی:
 
پی ٹی آئی حکومت کے خاتمے کے بعد پہلی بار موجودہ حکومت کے دور میں مہنگائی کی شرح سنگل ڈیجٹ میں دیکھی گئی ہے، جو کہ ایک بڑی کامیابی تصور کی جا رہی ہے۔