نیا مالی سال: مہنگائی میں لگاتار اضافہ جاری
Image
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) نئے مالی سال کے آغاز سے اب تک لگاتار چوتھے ہفتے بھی مہنگائی میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

 مہنگائی سے متعلق ہفتہ وار رپورٹ ادارہ شماریات نے جاری کردی جس کے مطابق ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح مزید 0.17 فیصد بڑھ گئی اور  ملک میں ہفتہ وار مہنگائی کی مجموعی سالانہ شرح 20.09 فیصد ہوگئی ہے۔

مہنگائی میں مسلسل اضافہ جاری ہے، اس ہفتے 23 اشیائے ضروریہ کی قیمتیں مزید بڑھ گئیں۔ ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں 19 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، حالیہ ہفتے 8 اشیاء سستی اور 24 کی قیمتیں مستحکم رہیں۔

ادارہ شماریات کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں چکن 4.80 فیصد، دال چنا 1.87 فیصد، لہسن 2.01 فیصد، بیف 0.93 فیصد، انڈے 1.71 فیصد،گڑ  0.89 فیصد، تازہ دودھ 0.45 فیصد، جلانے کی لکڑی 0.23، دال مونگ 0.84 فیصد اور سگریٹ 0.12 فیصد مہنگے ہوئے ہیں۔

اس کے علاوہ ایک ہفتے میں پیاز 2.14 فیصد، کیلے 0.53، ٹماٹر 9.19 فیصد، اور آٹے کی قیمت میں 0.35 فیصد کمی ہوئی جب کہ آلو   کی قیمت میں0.17 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، حالیہ ہفتے ایل پی جی کی قیمت بھی 1.04 فیصد کم ہوئی۔