وفاقی حکومت نے تین سالہ معاشی پلان جاری کر دیا
Image
اسلام آباد:(سنو نیوز) وفاقی حکومت نے تین سالہ معاشی پلان جاری کرتے ہوئے وسط مدتی بجٹ اسٹریٹجی پیپر کے تحت معاشی اہداف مقرر کر دیے ہیں۔
 
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ اس پلان کے مطابق معاشی شرح نمو میں اضافہ، مہنگائی میں کمی اور مالیاتی خسارہ کم کرنا شامل ہے۔
 
وزارت خزانہ کے مطابق ایف بی آر کی ٹیکس وصولیوں اور نان ٹیکس آمدنی میں اضافہ کیا جائے گا۔ رواں مالی سال کے لیے جی ڈی پی کا ہدف 3.6 فیصد مقرر کیا گیا ہے جبکہ مالی سال 2025-26 ءکے لیے جی ڈی پی 4.8 فیصد اور مالی سال 2026-27 ءکے لیے 5.5 فیصد رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
 
برآمدات اور درآمدات کے اہداف:
 
رواں مالی سال برآمدات کا ہدف 32 ارب 34 کروڑ ڈالر مقرر کیا گیا ہے جبکہ مالی سال 2025-26ء میں برآمدات 35 ارب ڈالر سے زیادہ اور مالی سال 2026-27 میں 38 ارب ڈالر تک پہنچانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ 
 
درآمدات کے حوالے سے رواں مالی سال کا ہدف 57 ارب ڈالر سے زیادہ ہے، جبکہ مالی سال 2025-26 ءمیں درآمدات 62 ارب ڈالر اور مالی سال 2026-27 ءمیں 67 ارب ڈالر سے تجاوز کر جائیں گی۔
 
محصولات اور نان ٹیکس آمدنی:
 
مالی سال 2025-26 ءمیں ایف بی آر محصولات کا ہدف ساڑھے 15 ہزار ارب روپے ہے، جبکہ مالی سال 2026-27ء تک یہ ہدف 18 ہزار ارب روپے تک پہنچانے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
 
 نان ٹیکس آمدنی کے حوالے سے مالی سال 2025-26 ءمیں 3851 ارب روپے اور مالی سال 2026-27 ءتک 4 ہزار ارب روپے سے زیادہ کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
 
مہنگائی اور اخراجات:
 
مالی سال 2027 ءتک اوسط مہنگائی کا ہدف 7 فیصد مقرر کیا گیا ہے۔ کل وفاقی اخراجات کا تخمینہ 21 ہزار 218 ارب روپے لگایا گیا ہے۔ تین سال میں صوبائی سرپلس بجٹ کا تخمینہ 1800 ارب روپے کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
 
مالیاتی خسارہ اور دیگر اہداف:
 
مالی سال 2027ء تک مجموعی مالیاتی خسارہ 4.9 فیصد تک کم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ پیٹرولیم لیوی کا ہدف 1438 ارب روپے، سود کی ادائیگیوں کا ہدف 10 ہزار 238 ارب روپے، دفاعی اخراجات کا تخمینہ 2578 ارب روپے، گرانٹس کا ہدف 2197 ارب اور سبسڈیز کا ہدف 1569 ارب روپے مقرر کیا گیا ہے۔ پینشن کے اخراجات کا تخمینہ 1341 ارب روپے لگایا گیا ہے۔
 
وزارت خزانہ کے بیانات:
 
وزارت خزانہ کے مطابق، یہ معاشی پلان ملک کی معیشت کو مستحکم کرنے اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے بنایا گیا ہے۔ حکومت کی کوشش ہے کہ ملک میں مالیاتی استحکام کو یقینی بنایا جائے اور عوام کو بہتر معاشی مواقع فراہم کیے جائیں۔